بیدر میں جماعت اسلامی کا تزکیہ و تربیتی اجتماع، مقررین کا خطاب
مطالعہ قرآن، انفاق اور فکر آخرت کے بغیر تزکیہ نفس ممکن نہیں، نماز اور ذکر الہی قرب الہی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔
بیدر: 23/ فروری (اے این یو) جماعت اسلامی ہند، شہربیدر کے وابستگان مردوخواتین متففین اور برادرانِ ملت کے مرد وخواتین کے لیے ایک روزہ تزکیہ و تربیتی اجتماع کا انعقاد شہر کے رابعہ فنکشن ہال، چدری روڈ، بیدر میں منعقد ہوا۔ سورۃ اعلی( تزکیہ نفس) پردرس قرآن محترمہ اُم حبیبہ صاحبہ رکن جماعت اسلامی ہند شہر بیدر نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی یاد روحانی زندگی کیلئے ضروری اور لازمی ہے۔ اللہ کی یاد سے دلوں کو معمور کرنے اور آباد رکھنے کی ضرورت ہے۔ صبراستقامت کے ذریعے معرفت الہی اور توکل علی اللہ کے ذریعے دل کو مطمئن رکھاجاسکتاہے۔ ابتدائی نزول قرآن کی آیتوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دعوتِ دین کے فریضہ کو انجام دینا امت مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے، جبکہ ہدایت سے سرفراز کرنا یا نہ کرنا یہ کام اللہ کے ذمہ ہے۔
انہوں نے اس موقع پر تزکیہ نفس کے حوالے سے کہا کہ تحریک اسلامی سے وابستہ ہر شخص کو غور و فکر تدبر و تفکر سے کام لینے کی ضرورت ہے اور قرآن سے شغف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فکر آخرت اور دنیاوی زندگی سے بے رغبتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ایمان کی تجدید تزکیہ نفس کے لیے ضروری ہے، نماز اور ذکر الہی تزکیہ نفس کے لیے بہت ہی اہم عبادتوں میں تصور کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے صحبت صالح کی طرف بھی توجہ دلائی اور تزکیہ نفس کے لیے قرآن کے مطالعے کو بہترین ذریعہ بتایا۔ انفاق فی سبیل اللہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اللہ کے راہ میں خرچ کرنا دراصل قرب الہی کے حصول کا اہم ذریعہ ہے۔ مومن تزکیہ نفس کے لیے احتساب اور اوقات کی منصوبہ بندی کے ساتھ فکر آخرت اور دعوت دین کے فریضہ کی انجام دہی وقت کی پابندی نماز کی ادائیگی اور موت کی یاد لازمی چیزیں ہیں۔
انہوں نے اپنے درس میں تطہیر قلب کے لئے موت کی یاد کو سب سے اہم ذریعہ قرار دیا اور ریاکاری، دکھاوا، مفادپرستی، وقتی طور پر فائدہ حاصل ہوجانے والے کاموں کے بجائے رضاالہی کے خاطر کام کرنے والے افراد کی ضرورت پر زور دیا۔ اپنے درس میں احتساب پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ مومن کے دو دن ایک جیسے نہیں ہوتے اور تزکیہ نفس کے بغیر فلاح و کامیابی کا تصور بھی ممکن نہیں، اگر دنیا کی زندگی پر آخرت کی زندگی کو ترجیح نہ دی تو وہ مومن نہیں ہو سکتا دوران درس انہوں نے مختلف آیتوں کے حوالے اور واقعات کی روشنی میں تزکیہ نفس کے لئے مطلوبہ صفات، کیفیات اور زرائعوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔
اس اجتماع میں دورحدیث کا بھی انعقاد ہوا، جس میں چند شرکاء نے ایک ایک حدیث موجودہ حالات کی رہنمائی میں پیش کیا۔ دورحدیث کی نگرانی و تبصرہ محمد آصف الدین صاحب رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹکا نے کی۔ وقفہ برائے چائے کے بعد اجتماع کے دوسرے سیشن میں تزکیہ نفس اور تعلقات و معمولات پر جناب محمد معظم رکن جماعت نے کہا کہ تزکیہ نفس کے لیے خود کا احتساب لازمی جز ہے۔ اس کے بغیر تزکیہ نفس ممکن نہیں سب سے پہلے تزکیہ نفس کے لیے خود فرد کو متفکرہونا چاہیے جس سے فکر عمل میں تبدیل ہوتی ہے۔ اپنی اصلاح کرنے پر جب تک فرد آمادہ نہ ہوگا تب تک اس کا کوئی تزکیہ یا پھر اس کی اصلاح ممکن نہیں ہے کوئی بیرونی شخص یا پھر چیزیں فرد تزکیہ کے لیے ذمہ دار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن اُس شخص کا حساب ہوگا آسان ہوگا جو دنیا میں ہر لمحہ اپنا احتساب کرتا ہوگا مومن ہمیشہ منصوبہ بند اور جائزہ واحتساب کا پیکر ہوتا ہے۔ کیا خوبیاں ہیں؟ جسکا شخصیت کے ارتقاء میں رول رہا ہے اور کیا خرابیاں ہیں؟ اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
حدیث کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سلام میں پہل کرنے والا تکبر سے پاک ہوتا ہے، وہ معاملات کو بڑھانے اور معاملات میں اخوت، محبت اور انسیت پیدا کرنے کے لئے اسلامی مزاج اور اسلامی شعار اپناتا ہے اور اس کا عکس اس کےعمل و معمولات میں نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔تزکیہ نفس اور نماز باجماعت پر جناب محمد فضل احمد صاحب، تزکیہ نفس اور انفاق فی سبیل اللہ پر محمد اکرم علی صاحب ناظم ضلع بیدر نے تقاریر پیش کیے۔ جس پر جناب سید جمیل احمد ہاشمی صاحب سابق امیر مقامی جماعت اسلامی بیدر نے تبصرہ کیا۔
علاوہ ازیں مقامی تحریکی شخصیت: مولانا محمد مخدوم علی صاحب مرحوم کی حیات وخدمات پر جناب محمد رفیق احمد گادگی سابقہ ناظم علاقہ جماعت اسلامی ہند گلبرگہ اظہارِ خیال پیش کیا۔ جناب محمد نظام الدین صاحب امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، بیدرکا اختتامی خطاب ہوا۔ محمد اکرم علی صاحب ناظم ضلع بیدر کی دعا واظہارِ تشکر پر اجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔ اجتماع کی کاروائی سیدابراھیم نے چلائی۔ اجتماع کے اختتام پر طعام کا نظم کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس اجتماع میں دو سیشنس رہے۔
اجتماع کا آغاز جناب محمد ثناء اللہ صدیقی کی قرات کلام پاک سے ہوا، افتتاحی کلمات معاون امیر مقامی جناب محمد عارف الدین صاحب پیش کیا۔ شہ نشین پرامیر مقامی جماعت اسلامی ہند، شہر بیدر جناب محمد نظام الدین، محمد طحہ کلیم اللہ سیکریٹری مقامی کےعلاوہ مقامی جماعت کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران جناب محمد افتخار احمد صاحب امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ہمناآباد و دیگرموجود تھے۔ اس موقعہ پر ارکان و کارکنان متففین مرد وخواتین کے علاوہ برادرانِ ملت کے مرد و خواتین کی کثیر تربیتی اجتماع میں شرکت کی۔