سپریم کورٹ میں سماعت شروع، کپل سبل نے کیس آئینی بنچ کو بھیجنے کا کیا مطالبہ
شہریت قانون کے خلاف اور اس کے حق میں کم و بیش 150 عرضیاں سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہیں جن میں سے کچھ عرضیوں کی کاپیاں ہی اس وقت عدالت پہنچی ہیں۔ اس درمیان شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اپنی بات رکھتے ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس کو آئینی بنچ کے پاس بھیج دیا جانا چاہیے۔
140 سے زائد عرضیوں پر سپریم کورٹ میں سماعت
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف اور اس کے حق میں کئی عرضیاں سپریم کورٹ میں داخل کی گئی ہیں۔ انڈین یونین مسلم لیگ اور کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے بھی شہریت ترمیمی قانون کو اپنی عرضی میں چیلنج کیا ہے۔ ان عرضیوں پر چیف جسٹس آف انڈیا ایس اے بوبڈے، جسٹس ایس عبدالنظیر اور جسٹس سنجیو کھنہ کی بنچ کچھ ہی دیر میں سماعت کرے گی۔
سی اے اے کے خلاف کیرالہ کانگریس آج سپریم کورٹ میں داخل کرے گی عرضی
کانگریس لیڈر اور کیرالہ میں اپوزیشن لیڈر رمیش چینیتھال نے شہریت قانون سے متعلق ایک عرضی سپریم کورٹ میں داخل کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ ”آج ہم شہریت ترمیمی قانون ایکٹ کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ یہ قانون ملک کے آئین کے خلاف ہے۔ ہم آئین میں پھیر بدل نہیں چاہتے۔ ہم انصاف چاہتے ہیں۔“
تقریباً 144 عرضیوں پر سپریم کورٹ میں سماعت آج
پورے ملک میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف دھرنا و مظاہرہ جاری ہے اور آج اس تعلق سے انتہائی اہم دن ہے۔ آج سپریم کورٹ میں شہریت قانون کے خلاف داخل کم و بیش 144 عرضیوں پر سماعت ہونی ہے اور سبھی کی نظریں آج کی عدالتی کارروائی پر مرکوز ہے۔ گزشتہ رات اس سماعت کے پیش نظر بڑی تعداد میں خواتین نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا بھی دیا لیکن بعد میں ان خواتین کو وہاں سے ہٹا دیا گیا۔