بسواکلیان میں جماعت اسلامی کی جانب سے کریئرگائیڈنس و تہنیتی تقریب
بسواکلیان: 21/جنوری (این سی) خو د اعتمادی،مقصد کا تعین،مناسب منصوبہ بندی،انتھک و مسلسل جد و جہد میں ہی کامیابی کا حصول ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار شریمتی ساوتری شرنو سلگر تحصیلدار بسواکلیان جماعت اسلامی ہند بسواکلیان کی جانب سے دسویں،بارہویں اور ڈگری میں تعلیم حاصل کررہے طلباء و طالبات کیلئے نئی اُمنگ و نئے حوصلے بلند کرنیوالا کریئر رہنمائی وتہنیتی جلسہ سے کررہی تھیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو KASاور IAS امتحانات کی تیاری کے ضمن میں رہنمائی کی۔ انہوں نے بسواکلیان سے KASامتحان میں کامیاب ہونیوالی خاتون ساوتری برادر کے بارے میں کہا کہ یہ لڑکیوں کیلئے مثال ہیں۔ تدریس کی ملازمت کرتے ہوئے،دو بچوں کی خدمت گذارKASامتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کے منصب کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
واضح رہے بسواکلیان سے جملہ 4افراد KASکیلئے منتخب ہوئے ہیں۔ جن میں ساوتری برادر،ڈاکٹر مہیش پاٹل او ر سائی پرساد کو اسسٹنٹ کمشنر کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے وہیں جناب محمد محسن احمد کو تحصیلدار کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ہے۔ جناب محمد محسن احمد بن نبی صاحب کھادی والے نے اپنی دس سالہ دردبھری انتھک مسلسل جد وجہد وجفاکشی سے بھرپور آپ بیتی سناکر ایک طرف خوشی سے آبدیدہ ہوئے دوسری طرف سارا جلسہ گاہ ان کے اعزاز میں تالیوں سے گونج اُٹھا۔
MPSC کے تحت جڈیشیل مجسٹریٹ کے امتحان میں نمایا ں کامیابی حاصل کرکے جڈیشیل مجسٹریٹ کے منصب پر فائز ہونیوالی اُسامہ الامودی بنت شیخ مزمل چاؤش نے طالبات کے دلوں میں نئی اُمنگ بیدار کی۔دوسری جانب بسواکلیان سے سینٹرل یونیورسٹی آف کرناٹک میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے منتخب ہونیوالے عبدالماجد منیار اور محسن خان کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ جبکہ فاریسٹ رینج افسر کی حیثیت سے منتخب ہونیوالے مدثراحمد تملناڈو میں جاری ٹریننگ کی وجہ سے اس جلسہ میں شرکت نہیں کرپائے جس کی بناء پر ان کے والد محمد سلیم الدین میکانک کو تہنیت پیش کی گئی۔
بسواکلیان کے موضع نارائن پور کی متوطن امیتا نامی لڑکی جو کہ اب PSI بن چکی ہیں رخصت نہ ملنے کی وجہ سے جلسہ میں شرکت سے قاصر رہیں۔ان بناء پر ان کے بھائی کو تہنیت پیش کی گئی۔بسواکلیان کے موضع کوہ نور کے متوطن امیش بی نے کشتی کے ملکی سطح کے مقابلہ میں سونے کا میڈل حاصل کیا انہیں بھی اعزاز سے نوازا گیا۔اسماء بیگم بنت میر وارث علی ضلع بیلاری میں جونیئر سائنٹسٹ کی حیثیت سے تقرر ہوئیں ہیں،ناگزیر وجہ کی بناء پر جلسہ میں شرکت نہیں کرسکی۔
اس تہنیتی جلسہ میں ڈاکٹر گلسین بی ای او بیدر، محترم عبد المقتدیر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ گلبرگہ بنچ نے وکالت کے میدان میں طلباء و طالبات کی رہنمائی کی۔ محترم سید فرقان پاشاہ KES نے جرنلزم کے میدان میں مواقع بتائے۔ عبد الماجد منیار نے تاریخ کے میدان میں،محترم ڈاکٹر عارف رضا نے صحت کی اہمیت و حفاظت جیسے موضوع پر روشنی ڈالی۔
جناب محمد یوسف الدین نیلنگے ناظم شعبہ تعلیمات نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔جناب عبد الکلیم عابد امیر مقامی نے اختتامی خطاب میں جماعت اسلامی کی جانب سے شائع کردہ کریئر رہنمائی کتاب سے متعلق معلومات فراہم کیں۔جناب خلیل احمد گوبرے نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔الطاف امجد نے تمام مہمانوں کا مختصراََ تعارف پیش کیا۔