خبریںقومی

نربھیا معاملہ: پھانسی کے لیے گلے کا ناپ دیتے وقت زاروقطارروئے چاروں مجرم

نربھیا اجتماعی عصمت دری معاملے کے مجرم مکیش، اکشے، ونے اور پون کو کچھ دنوں بعد ہی پھانسی پر چڑھایا جانا ہے اور اس کے پیش نظر ان چاروں قصورواروں کے گردن کا ناپ لے لیا گیا۔

نربھیا معاملے کے قصورواروں کو پھانسی پر چڑھانے کی تیاریاں دھیرے دھیرے پوری کی جا رہی ہیں جن کی پھانسی کی تاریخ سپریم کورٹ نے 22 جنوری مقرر کی ہے۔ لیکن اس درمیان کئی طرح کی عدالتی کارروائی بھی جاری ہے کیونکہ کچھ قصوروار بار بار کبھی اپنی سزا میں بدلاؤ کے لیے عرضی داخل کر رہے ہیں تو کبھی ڈیتھ وارنٹ سے متعلق اپیل کر رہے ہیں۔ حالانکہ اب تک داخل ان کی عرضیاں خارج ہو چکی ہیں لیکن پھانسی کی تاریخ کو لے کر اب بھی کچھ اندیشے برقرار ہیں۔

اس درمیان تہاڑ جیل میں نربھیا کے گنہگاروں کو پھانسی پر لٹکانے سے قبل چاروں قصورواروں کے گلے کی ناپ لے لی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مکیش سنگھ، اکشے ٹھاکر، ونے شرما اور پون گپتا کے گلے کا جب ناپ لیا جا رہا تھا تو وہ پھوٹ پھوٹ کر رو رہے تھے۔ حالات اس قدر بگڑ گئے کہ جیل افسران کو انھیں چپ کرانے کے لیے مشقتیں کرنی پڑیں۔ انھیں دلاسہ دلانے کے لیے کاؤنسلر تک کو بلانا پڑا۔ ایک انگریزی روزنامہ میں شائع خبر کے مطابق کاؤنسلر کی اس لیے مدد لینی پڑی کیونکہ یہ لوگ کوئی غلط قدم نہ اٹھا لیں۔

ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جیل ڈمی پھانسی کا بھی انتظام تھا۔ ڈمی پھانسی کے دوران ریت کے بوروں کا استعمال کیا گیا، جس کا وزن قصوروار کے وزن سے تقریباً ڈیڑھ گنا زیادہ تھا۔ یہ سب ماحول دیکھ کر چاروں قصورواروں کی حالت خستہ نظر آ رہی تھی۔ اپنے بچاؤ کے لیے یہ قصوروار ہر ممکن قانونی متبادل آزما رہے ہیں لیکن یہ دیکھ کر کہ پھانسی کی تاریخ مقرر کیے جانے کے بعد اب تک سپریم کورٹ نے تین عرضیاں خارج کر دی ہیں، قصورواروں کا ہمت جواب دینے لگا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!