گلبرگہ میں NPR-NRC-CAAکے خلاف ویلفیئرپارٹی کادھرنااحتجاج
بیدر: 9/جنوری (وائی آر) 9/جنوری کو ویلفیئرپارٹی آف انڈیا گلبرگہ نے NPR-NRC-CAAکے خلاف گلبرگہ ڈپٹی کمشنر دفتر کے روبروایک روزہ ستیہ گرہمنظم کیاتاکہ مذکورہ قوانین کے نقصانات سے عوام کو واقف کراتے ہوئے حکومت کے سامنے اپناموقف رکھاجاسکے۔ اس ستیہ گرہ میں ویلفیرپارٹی آف انڈیا ریاست کرناٹک کے صدر طاہر حسین ایڈوکیٹ، WPIکے قومی نائب صدرعبدالحمید فاران، سابق رکن قانون ساز کونسل الم پربھوپاٹل، ناصر حسین استاد، وہاج بابا، الیاس باغبان، ماروتی مانپاڑے، ایڈوکیٹ ایم مری اپا، مولانا جرید عالم قاسمی، مولانا عبدالرزاق قاسمی، فادر اسٹانلے لوبوجیسے تمام طبقات کے افراد شریک رہے۔ سبھی نے مل کر سی اے اے، این آرسی اور این پی آر کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت سے ان قوانین کو واپس لینے کامطالبہ کیا۔
جناب طاہر حسین ایڈوکیٹ نے اس موقع پرکہاکہ مرکزی حکومت دراصل سی اے اے اور این آرسی پر مختلف بیانات دے رہی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کاکام کیاجارہاہے۔ملک بھر میں ہونے والے احتجاج بتاتے ہیں سی اے اے اور این آرسی کے علاوہ این پی آر سے بھی لوگ برہم ہیں۔ ان تمام قوانین سے مرکزی حکومت جتنی جلد ہوسکے دستبردار ہوجائے۔ ویلفیرپارٹی آف انڈیا گلبرگہ کے ذمہ داران میں سید عبدالباری اور محمد مبین وغیرہ بھی شریک رہے۔