بیدر کے سی اے اے تائیدی جلوس میں لنگایت سوامی شریک نہیں ہوں گے: سری کانت سوامی
بیدر: 6/جنوری (وائی آر) اکھیل بھارت لنگایت سمن ویا سمیتی کے ریاست کرناٹک کے سنچالک سری کانت سوامی نے بتایاکہ 7/جنوری کوراشٹر ہتا رکھشنا ویدیکے بیدر نامی تنظیم سی اے اے کی تائید میں جلوس نکال رہی ہے۔ لیکن اس جلوس میں لنگایت سماج سے کوئی سوامی شریک نہیں ہوں گے۔ اتنا ہی نہیں لنگایت تنظیموں میں سے بھی کوئی تنظیم شامل نہیں ہوگی۔ سری کانت سوامی نے ٹیلی فون پر مزید بتایاکہ راشٹر ہتا رکھشنا ویدیکے بیدر نامی کوئی تنظیم بیدر میں نہیں ہے۔ البتہ بلاری میں ضرور ہے۔
موصوف نے کل کے سی اے اے تائیدی اجلاس کو آریس یس کی مہم بتاتے ہوئے کہاکہ دوسرانام استعمال کرتے ہوئے دراصل آریس یس ہی تائیدی مہم چلارہی ہے۔اور یہ وہی آریس یس ہے جس نے لنگایت سماج کو ”شنی کی سنتان(اولاد)“ کہاتھا۔ آج کس طرح لنگایت سماج آریس یس کویادآرہاہے؟اگر ہم لوگ شنی ہیں تو یہ شنی آریس یس کو ختم کردے گی۔
سری کانت سوامی نے کل کے پروگرام میں سوامیوں اور لنگایت تنظیموں کے شرکت نہ کرنے کے ضمن میں بتایاکہ میں چونکہ اکھیل بھارت لنگایت سمن ویا سمیتی ریاست کرناٹک کا سنچالک ہوں۔ اور میں نے تمام لنگایت سوامیوں کوفون کرکے دریافت کیاتو انھوں نے کہاکہ ہم سے پوچھے بغیر ہمارانام استعمال کیاگیاہے۔
اسی طرح لنگایت تنظیموں بسوادل، بسوامنٹپ، بسواکیندر وغیرہ کابھی یہی کہناہے۔سوامی نے مزید بتایاکہ اگر کوئی فرد کل کے پروگرام میں شریک ہوتاہے تو یہ اس کا شخصی معاملہ ہوگا لیکن اس پر ہم کارروائی کرسکتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کل 7/جنوری کو جوCAA تائیدی اجلاس ہوگا اس میں لنگایت سماج کے کون کونسے سوامی اور تنظیموں کے عہدیداران شریک رہیں گے اور بعدازاں کس کس پرکارروائی ہوگی۔