بیدرمیں جماعت اسلامی کا صحافیوں کے لیے خصوصی اجلاس، ذمہ دارانِ جماعت کا خطاب
بیدر: 4/جنوری (اے این بی) جماعت اسلامی ہند، بیدر کے تمام صحافیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایک گیٹ ٹوگیدر “پریس سے ایک ملاقات” پروگرام کاانعقاد کیا گیا ہے۔ شہربیدرکی ہوٹل بیدرگیٹ وے کے کانفرنس ہال میں منعقد اس اجلاس کو محمد آصف الدین رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند، کرناٹک اور محمد نظام الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہربیدر نے مخاطب کیا۔ اس دوران بتایا گیا کہ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ سے ذرائع ابلاغ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہی ہے اور اسے جمہوریت کااہم ستون تصور کرتی ہے، موجودہ حالات نے ذرائع ابلاغ کی اہمیت و ضرورت کو مزید بڑھا دیا ہے۔
شہربیدرکی ہوٹل بیدرگیٹ وے کے کانفرنس ہال میں منعقد اس خصوصی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے محمد آصف الدین رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند، کرناٹک نے کہا کہ ہمارا ملک انسانی مساوات، بھائی چارگی، امن کا گہوارہ رہا ہے۔ لیکن اب ملک بہت ہی نازک مراحل سے گزررہا ہے جس میں مختلف قسم کے چیلنجز درپیش ہیں، یہاں کی عوام، حکمرانوں اور عام طبقات کے لیےہرروز کسی چیلنج سے کم نہیں، لیکن ایسےحالات میں حکومت کی جانب سے طبقاتی منافرت کی کوشیش اور دیگر غیر ضروری ایشوز کو بڑھاوا دے کرعوام کوغیر ضروری الجھن میں مبتلا کیا جارہا ہے، اصل مسائل کے حل کے لئے حکومت سنجیدہ نظر نہیں آتی اور نہ ہی ہمارے حکمرانوں کی اصل مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نظر نہیں آتی بلکہ غیر ضروری ایشوزکو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔
موصوف نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند انسانی مساوات اور بلا تفریق مذہب و ملت زبان و نسل اورعلاقایت کی بنیاد سے آگے بڑھ کرمسواوت، امن و انصاف، انسانیت اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم کرنا چاہتی ہے۔ لیکن حالیہ دنوں میں حکمرانوں کے بے بنیاد فیصلے اور رویوں نے یہاں کے امن پسند افراد کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ آج ملک میں بے روزگاری، مہنگی تعلیم اور ملک کی معاشی بدحالی بہت بڑا چیلنج بن چکی ہے، اس جانب حکومت کی کوئی خاص توجہ دکھائی نہیں دیتی انہوں نے اس دوران اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت عوام کی سہولت کو سہولیات بخشنے اور انہیں امن اور چین سے جینے اور ملک کی ترقی میں حکمران اورعوام دونوں کا رول بہت بڑا اہم کردار رہتا ہے۔ اس کے لیے حکومت عوام کو اعتماد میں لے کرملک کو ترقی کی طرف گامزن کرنے والی پالیسیز اور منصوبوں کو پیش کرنے کے بجائے الٹا عوام کو غیرضروری ایشوز اور سماجی منافرت اور دیگر مسائل میں جھونک دینا چاہتی ہے۔
CAA قانون کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں تمام شہریوں کے لئے مساوات کا جو حق دستور ہند نے دیا ہے، اس حق کو یہ قانون کی وجہ سے زک پہنچی ہے۔ اور یہ خطرناک ہے، ملک کے بنیادی ڈھانچہ کو کھوکھلا کردیتا ہے۔ اس لیے تمام سیکولرافراد اور امن پسند شہری اس قانوں کو لے کرنہ صرف اپنی تشویش کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ سڑکوں پرعوام کے ساتھ احتجاج بھی کررہے ہیں، بالخصوص طلباء نے اس کے خلاف احتجاج درج کرایا ہے وہ حکومت احتجاج کو سنجیدہ لے اور ان کی بات سنے۔
اس موقع پرمحمد نظام الدین امیر مقامی جماعت اسلامی ہند شہربیدر نے سماج میں مثبت سونچ کے ساتھ صحافیوں کےکرداراور اہمیت اور موجودہ حالات میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی طرف توجہ دلائی اور جماعت اسلامی کی سرگرمیوں کا مختصر تعارف بھی کرایا۔ اجلاس کی کاروائی محمد نجیب الدین میڈیا کوآرڈینیٹر جماعت اسلامی ہند، بیدرنے اس اجلاس کی کاروائی چلاتے ہوئےاجلاس کی غرض غائیت بتائی اور تمام کا استقبال کیا۔ اجلاس میں تمام صحافیوں کی صحافتی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بطور تحفہ نئے سال کا کیلنڈر اور اسلامی ڈائری کو پیش کیا گیا۔ اس اجلاس میں قومی، ریاستی اور مقامی سطح کے اخبارات اور میڈیا سے وابستہ افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس کے آخر میں میڈیا کوارڈینیٹر نے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کیا، بعد اجلاس تمام شرکاء صحافیوں کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔