مگ21 طیارہ حادثے کا شکار، دونوں پائلٹ ہلاک
آئی اے ایف نے کہا ہے کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔
راجستھان کے باڑمیر ضلع میں جمعرات کو مگ-21 ٹرینر طیارے کے حادثے میں دو ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹوں کی موت ہو گئی۔
ہندوستانی فضاییہ نے ایک بیان میں کہاکہ “آئی اے ایف کا ایک جڑواں سیٹر مگ ۔21 ٹرینر طیارہ شام راجستھان کے اترلائی ایئر بیس سے ٹریننگ سورٹی کے لیے روانہ ہوا تھا۔ رات تقریباً 9:10 بجے طیارہ باڑمیر کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔ دونوں پائلٹوں کو شدید چوٹیں آئیں جن سے ان کی موت ہوگئی۔ جانوں کے ضیاع پر ہندوستانی فضائیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائیہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘‘
مگ طیارہ گرنے کے بعد بھیمڈا گاؤں میں افراتفری مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تباہ ہونے والے مگ طیارے کا ملبہ تقریباً آدھا کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔
آئی اے ایف نے مزید کہا کہ حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے کورٹ آف انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے حادثے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔