ریاستوں سےمہاراشٹرا

فڑنویس کی بیوی امرتا کے ٹوئٹ پر بھڑکے شیو سینک

مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی کی اہلیہ امرتا فڑنویس جو ایکسس بینک کی وائس پریسیڈنٹ ہیں انہوں نے ایک ایسا متنازعہ ٹوئٹ کیا ہے جس کے بعد شیو سینک بھڑک اٹھے

دیویندر فڑنویس کی اہلیہ امرتا فڑنویس کے متنازعہ ٹوئٹ کے بعد شیو سینا اور ان کے درمیان تنازعہ بڑھ گیا ہے۔ واضح رہے امرتا ایکسس بینک میں ایک سینئر عہدے پر ملازم ہیں۔ امرتا کے ٹوئٹ سے ناراض شیو سینا نے ٹھانے کارپوریشن کے تمام ملازمین کا اکاؤنٹ ایکسس بینک سے ہٹا کر ایک قومی بینک میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کارپوریشن کے ایک افسر نے بتایا کہ کارپوریشن کے میئر نریش مہاسکے نے اس کے لئے احکام جاری کیے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایکسس بینک کو محکمہ پولیس کے سالانہ گیارہ ہزار کروڑ روپے کی سیلری اکاؤنٹ سے بھی ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی دیوندر فڑنویس نے ٹوئٹ کرکے راہل گاندھی کے لئے کہا تھا کہ گاندھی سر نیم لگانے سے کوئی گاندھی نہیں ہو جاتا۔ اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے امرتا نے لکھا ’’بالکل صحیح دیویندر جی۔ اپنے نام کے آگے ’ٹھاکرے‘ لگانے سے کوئی بھی ٹھاکرے نہیں بن سکتا۔ یہ سچ جاننے کی ضرورت ہے کہ وہ ایک تھے جو لوگوں اور پارٹی ارکان کی بہتری کے لئے اپنے خاندان اور اقتدار کی للک سے اوپر تھے۔‘‘ اس کے بعد شیو سینک بھڑک گئے اور انہوں نے نہ صرف امرتا کے خلاف محاذ کھول دیا بلکہ ان کی تصویر پر جوتے چپل مارتے ہوئے ویڈیو بھی بنائی۔ اس پر امرتا نے پھر ٹوئٹ کیا ’’دکھاؤ چپل، پھینکو پتھر، یہ تو شوق پرانا ہے آپ کا۔ ہم وہ ہیں جو دھوپ میں بھی نکھرتے ہیں۔‘‘

واضح رہے امرتا ایکسس بینک کی نائب صدر ہیں اور ان کے اس متنازعہ ٹوئٹ کی وجہ سے بینک کو بھی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ دراصل امرتا کو اپنے شوہر کے دوبارہ وزیر اعلی نہ بننے پر زبردست غصہ ہے اور اس کے لئے وہ شیو سینا کے سربراہ اور مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو ذمہ دار مانتی ہیں۔ یہ کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ امرتا فڑنویس خبروں میں رہی ہوں اس سے پہلے وہ امیتابھ بچن کے ساتھ ویڈیو البم نکالنے پر بھی خبروں میں رہی ہیں اور ایک مرتبہ وہ اپنے وزیر اعلی شوہر کے ساتھ ایک کروز کے افتتاح کے لئے پہنچی تھیں جہاں انہوں نے ایک خطرناک سیلفی لی تھی جس پر سلامتی دستوں کے پسینے چھوٹ گئے تھے۔ اس سال ستمبر میں بھی امرتا اس وقت خبروں میں آ گئی تھیں جب انہوں نے ایک ٹوئٹ کر کے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’فادر آف دی کنٹری‘ کہا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!