لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی
عمر فراہی
بچی نے کہا کچھ جی آئی او کی بچیاں آج کے اگست کرانتی میدان کے احتجاجی جلسے میں جارہی ہیں اگر اجازت دیں تو میں بھی جاؤں۔میں نے کہا جاؤ جو ملک کے حالات ہیں اب صرف تمہیں ہی نہیں تمہاری آنے والی نسلوں کو بھی اسی طرح کے حالات کا سامنا کرنا ہے۔ بچی نے کہا مطلب ؟
میں نے کہا بیٹا یوں تو مظفر رزمی صاحب نے ایک مصرعے میں ساری بات کہہ دی ہے کہ
یہ جبر بھی دیکھا ہے تاریخ کی نظروں نے
لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی
پھر بھی میں بتا دوں کہ آج جس عمر میں تم مجھ سے اجازت لے کر جارہی ہو کل اسی عمر میں میں شاہ بانو اور سلمان رشدی کی کتاب کے تعلق سے نکالے گئے جلوس میں اپنے والد کی اجازت کے بغیر شامل ہوتا رہا ہوں اور کبھی میرے والد کا دور بھی انہیں احتجاجوں اور مظاہروں میں گزرا ہے ۔
نوجوانی کا یہ دور کچھ ایسا ہی ہوتا ہے جس میں سنجیدگی اور تفریح دونوں شامل رہتی ہے ۔ایک ساتھی کو اسی جلوس میں رعنا ایوب کے ساتھ فیس بک پر سیلفی دیکھا تو یاد آیا کبھی ہم اور ہمارے دوستوں کو حاجی مستان کو دیکھنے کی خواہش تھی ۔موبائل تو تھا نہیں کہ سیلفی لیتے اس لئے ہم لوگ ممبئی میں شاہ بانو کے خلاف نکالے گئےجلوس میں سب سے آگے نکل گئے اور اسی جلوس کے دوران ہم نے پہلی بارحاجی مستان کو ساتھ میں چلتے دیکھا ۔یہی وہ دور تھا جب ہم لوگ عبیداللہ خان اعظمی کی تقریریں سن کر جھوم جاتے تھے ۔وہ کہتے تھے مسلمانوں آیت الکرسی پکڑو کرسی نہیں مگر جب انہیں کرسی پکڑا دی گئی تو وہ خود آیت الکرسی بھول گئے۔
آج بھی وہ زندہ اور تندرست ہیں لیکن اب این آر سی تحریک میں ان کی آواز کہاں دبی ہوئی ہے پتہ نہیں ۔ویسے قوم کو سوئیزر لینڈ کی میڈیاکانفرنس میں شامل ہونے والے اس قائد کی بھی تلاش ہے جس نے ہندوستان کے پندرہ ملین یعنی ڈیڑھ کروڑ مسلمانوں کی نمائندگی کا دعویٰ کیا تھا۔کاش یہ اپنے پچاس لاکھ بھکتوں کو لیکر جنتر منتر میں آجاتے تو ہم بھی ان کے ہاتھ پر بیعت کر لیتے ۔خیر بچی سے میں نے کہا کہ جاؤ لیکن کچھ خاص دیکھنا تو کلک کر لینا ۔
بچی واپس ہوئی تو میں نے پوچھا کیسا محسوس ہوا ۔اس نے کہا ساری مشہور شخصیات جس میں فلم ایکٹریس اور سیاستدان بھی تھے سب اسٹیج کے قریب تھے اس لئے میڈیا والوں کا ہجوم بھی وہیں تھا ۔بہت اچھی بات یہ تھی کہ جلوس میں تقریباً ساٹھ فیصد کے قریب غیر مسلم مرد و خواتین تھیں ۔بہت سارے میڈیا والوں کی توجہ سورا بھاسکر کی طرف تھی وہ اس سے سوالات کرنا چاہتے تھے اور کچھ لڑکے اور لڑکیاں سورا بھاسکر اور کچھ دوسرے فلم اسٹاروں کے ساتھ سیلفی لینے کے بھی فراق میں تھے ۔مجھے جس منظر نے متاثر کیا وہ یہ معمر جوڑا ہے جن کی تصویر بھی میں نےچپکے سے لی کہ کہیں انہیں برا نہ لگ جاۓ۔بڑے میاں تو پھر بھی ٹھیک تھے مگر ان کی اہلیہ جو کبھی بیٹھ جاتیں تو انکل انہیں پکڑ کر اٹھاتے تھے اس کے باوجود ان کے جذبات کی قدر کرنی چاہئے کہ وہ جلوس میں شامل ہوئے۔
سب سے اہم بات یہ تھی کہ اس عمر میں بھی انہوں نے اپنا پورا چہرہ ڈھکا ہوا تھا ۔دوسری اہم بات جو بچی نے بتایا وہ اس جلوس میں شامل لوگوں کی ڈسپلن تھی خاص طور سے جب لوگ واپس ہونے لگے تو اس جلوس میں شامل پڑھے لکھے اور اچھے گھرانوں سے تعلق رکھنے والے لوگ جاتے جاتے راستے میں گری ہوئی پانی کی بوتلیں وغیرہ ایک کارٹون میں بھرتے جاتے تھے تاکہ سڑک پر گندگی نہ رہ جائے۔
خیر مودی اور امت شاہ کی جوڑی نے ایک کام تو اچھا کیا کہ انہوں نے اپنے خلاف ہر طبقے کے اندر بیداری پیدا کر دی کہ ان کا مقصد ملک میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنا ہے جو ہندوستان نہیں چاہتا ۔اس وقت ہندوستان میں این آر سی کے خلاف ہونے والے احتجاج کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ جو مظاہرے طلبہ سے شروع ہوۓ تھے ان میں طالبات کی بھی ایک بڑی تعداد نہ صرف شامل ہے میڈیا میں ان کی آواز بھی نمایاں طور پر اثر انداز ہو رہی ہے ۔پھر بھی کہا نہیں جاسکتا کہ حالات کیا رخ اختیار کریں گے۔
سیاسی پارٹیوں کیلئے یہ ایک سنہرہ موقع ہے کہ جس طرح سے بی جے پی نے انا ہزارے کی تحریک کو ہائی جیک کرکے اپنے سیاسی مفاد میں استعمال کر لیا تھا آج طلبہ کی تحریک کو دوسری سیکولر سیاسی پارٹیاں ملک کے مفاد میں استعمال کر لیں ۔موجودہ احتجاجی تحریک کو جئے پرکاش نارائن کی طرح ایک مرکزی قیادت کی ضرورت ہے ۔میں سمجھتا ہوں ہندوستان کو فی الحال ممتا بنرجی کی قیادت میں خود کو متحد کر لینا چاہئے۔ویسے بھی موجودہ احتجاجی تحریک میں چاہے وہ بیس سال کی عائشہ اور لدیدہ ہوں یا اسی سال کی معمر نقاب پوش خاتون یا ہماری غیر مسلم بہنیں اور بیٹیاں ان کے سپنوں میں ایک ایسا ہندوستان بستا ہے جو ہر طرح کی عصبیت سے پاک ہو۔