الفلاح اسکول مالونی ممبئی میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کی تقریبِ انعامات
ممبئی: 20/ڈسمبر۔ الفلاح اردو ہائی اسکول مالونی میں بورڈ کی تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں. آج جمعہ 20 دسمبر کو11 بجے اسکول میں تقسیم انعامات وإسناد کا پروگرام منعقد ہوا . تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز ہوا، مولانا اختر الإسلام ندوی صاحب (ڈائریکٹر بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن، مالونی) نے افتتاحی کلمات اور بورڈ کا تعارف پیش کیا.
محترمہ تسنیم صاحبہ (معلمہ بورڈ) نے تقسیم انعامات وإسناد کے سیشن کو کنڈکٹ کیا اور ممتاز طلبہ وطالبات کو انعامات سے نوازا. محترمہ زائرہ میڈم (پرنسپل الفلاح اسکول) نے اپنے احساسات وتاثرات کو دلنشین انداز میں پیش فرمایا اور مستقبل میں ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی. محترمہ تسنیم صاحبہ (معلمہ بورڈ) نے قیمتی نصائح طلبہ وطالبات کے مابین رکھا.اس تقریب کے مہمان خصوصی محترم اخلاق احمد صاحب (سکریٹری الفلاح اسکولز) نے تاثرات وطلبہ وطالبات کو نصیحتیں فرمائی.
آخر میں جناب شیخ ہمایوں صاحب (سکریٹری، جماعت اسلامی ہند ممبئ میٹرو) نے صدارتی کلمات پیش فرمائے آپ نے بچوں کوعلم پر عمل کرنے کی تلقین کی اور تمام اساتذہ کرام کی کارکردگی کو سراہا.اظہارتشکر پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا. نظامت کے فرائض محترم شارق قاضی صاحب (اسسٹنٹ ڈائریکٹر بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن) نے بحسن وخوبی انجام دیئے.
خیال رہے مغربی تہذیب وتمدن کی یلغار، موبائل وانٹرنیٹ کے منفی اثرات اور مسلم معاشرے کی اخلاقی پستی نے نئی نسل کو بہت متاثر کیا ہے. لہذا بنیادی دینی تعلیم وتربیت أشد ضرورت ہے. نیز فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے طلب العلم فريضة علي كل مسلم کہ علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے. اسی ضمن میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن ممبئی کی تعلیمی سرگرمیاں امسال بھی جاری ہے اورتقریبا 550 طلبہ وطالبات بنیادی دینی تعلیم حاصل کررہے ہیں.
واضح رہے کہ دو سال قبل مارچ 2017 میں جماعت اسلامی ہند، مالونی یونٹ نے عصری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کی دینی تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے اور والدین کو اولاد کی تربیت کے تئیں صحیح رہنمائی کے لئے بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کا قیام عمل میں لایا اور اس مختصر سے عرصے میں اسکولس مینجمنٹ، پرنسپلز، اساتذہ کرام، والدین، طلبہ وطالبات اور علماء کرام نے بورڈ کی اہمیت وأفادیت کو تسلیم کیا اور ہر ممکن تعاون بھی پیش کیا ہے.(رپورٹ: عمر مرشد)