خبریںدہلیریاستوں سےقومی

دہلی جامع مسجد پر زبردست مظاہرہ، پولیس نے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکا

ہزاروں کا مجمع پُر امن طریقہ سے جامع مسجد سے جنتر منتر جانے کی کوشش کر رہا تھا لیکن پولیس نے مظاہرین کو دریا گنج میں روک لیا ہے اور آگے بڑھنے سے منع کیا جا رہا ہے۔ پولیس ابھی مظاہرین کو روکنے کی جدوجد میں مصروف ہی تھی کہ ہزاروں کا ایک دوسرا مجمع جامع مسجد پر پہنچ گیا اور نعرےبازی شروع کر دی۔

بھیم آرمی چیف چندر شیکھر کو حراست میں لیا گیا

جامع مسجد پر مظاہرے کے بعد مجمع کے ساتھ پیش قدمی کر رہے بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

دہلی کی جامع مسجد سے نکلنے کے بعد مظاہرین نے دریا گنج کا رُخ کیا ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ پُر امن طریقہ سے پیش قدمی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مظاہرین نے جنتر منتر پر مظاہرے کا اعلان کیا ہے لیکن ذرائع کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو دہلی گیٹ پر ہی روکنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

سکیورٹی کے پیش نظر چاوڑی بازار، لال قلعہ، جامع مسجد اسٹیشن بند

دہلی میٹرو سروس نے سکیورٹی کے پیش نظر جمعہ کی دوپہر چاوڑی بازار،لال قلعہ اور جامع مسجد اسٹیشنوں کے دروازے بند کردئے ہیں۔
جامع مسجد میں آج جمعہ کی نماز تھی اور اس موقع پر کافی تعداد میں لوگ وہاں موجود ہیں۔ دہلی میں پچھلے چھ دنوں سے شہریت ترمیمی قانون کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ رپورٹس کے مطابق نماز کے بعد جامع مسجد کے باہر نعرے بازی ہوئی۔ اس سےپہلے صبح سے ہی جامعہ ملیہ اسلامیہ،جسولا وہاراور شاہین باغ میٹرواسٹیشن بند ہیں۔

دہلی جامع مسجد پر بھیم آرمی کا مظاہرہ، چندر شیکھر موجود

دہلی کی جامع مسجد پر نماز جمعہ کے بعد شہریت قانون کے خلاف بھیم آرمی مظاہرہ کر رہی ہے، بھیم آرمی کے چیف چندرشیکھر بھی اس وقت وہاں پر موجود ہیں، اس وقت جامع مسجد پر مطاہرہ پر امن چلا، سیکورٹی کے پیش نظر 3 میٹرو سٹیشن بند کر دیئے گئے، جامع مسجد کے باہر بڑی تعداد پولیس فورس تعینات تھی۔

جامع مسجد، لال قلعہ اور چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے دروازے بند

شہریت قانون کے خلاف احتجاج کو دیکھتے ہوئے دہلی میٹرو ریل کارپوریشن نے جامع مسجد، لال قلعہ اور چاوڑی بازار کے داخلی اور خارجی دروازے بند کر دیئے ہیں، ان اسٹیشنوں پر میٹرو نہیں ركےگی۔

خواتین کانگریس کارکنان کا امت شاہ کے گھر کے باہر مظاہرہ

شہریت ترمیم قانون کی مخالفت میں خواتین کانگریس کارکناں نے وزیر داخلہ امت شاہ کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا ہے، کانگریس کارکنان نے مظاہرے کے دوران مطالبہ کر رہے ہیں کہ سی اے اے قانون کو واپس لیا جائے۔

نارتھ ایسٹ دہلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات، پولیس فورس کی 10 کمپنیاں تعینات

شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کو دیکھتے ہوئے نارتھ ایسٹ دہلی میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جوئنٹ سی پی آلوک کمار نے کہا، ’’شمال مشرق ضلع میں سی آر پی ایف اور آر ایف کی 10 کمپنیوں سمیت کافی فورس تعینات کی گئی ہے، ہم نے کسی بھی طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مقامی لوگوں اور افسران کے ساتھ کئی دور کی میٹینگیں منعقد کی ہیں‘‘۔

متھرا روڈ اور کالندی کنج کے درمیان سڑک بند

نئی دہلی: دہلی ٹریفک پولیس نے جمعہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے متھرا روڈ اور کالندی کنج کے درمیان سڑک نمبر 13 اے کو بند کردیا اور نوئیڈا سے دہلی آنے والے لوگوں کو ڈی این ڈی یا اکشردھام کی جانب سے آنے کی صلاح دی ہے۔ ٹریفک پولیس نے ٹوئٹ کرکے کہا،’’متھرا روڈ اور کالندی کنج کے درمیان سڑک نمبر 13اے پر ٹریفک بند ہے۔ نوئیڈا سے دہلی آنے والے لوگوں کو ڈی این ڈی اور اکشردھام کی سمت سے آنے کی صلاح دی جاتی ہے۔‘‘

لکھنؤ میں 150 مظاہرین گرفتار، 14 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بند

شہریت قانون کے خلاف ملک بھر میں ہنگامہ جاری ہے. وہیں جمعرات کو لکھنؤ میں ہوئے تشدد میں پولیس نے اب تک 150 کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 19 FIR درج کی گئی ہیں. وہیں لکھنؤ، غازی آباد سمیت 14 اضلاع میں انٹرنیٹ کی سروس بند کر دی گئی ہے.

بھیم آرمی نے کیا دہلی جامع مسجد سے احتجاج کرنے کا فیصلہ، 3 میٹرو اسٹیشن بند

نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون (سی اےاے) کے خلاف بھیم آرمی کے جمعہ کو جامع مسجد سے لے کر جنترمنتر تک مارچ نکالنے کے اعلان کے پیش نظر امن و قانون بنائے رکھنے کےلئے احتیاط کے طورپر تین میٹرو اسٹیشنوں پر آمد و رفت بند رکھی گئی ہے۔ دہلی میٹرو کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ ،جسولاوہار اور شاہین باغ میٹرو اسٹیشن آج بند رہیں گے۔ ان اسٹیشنوں پر ٹرینیں بھی نہیں رکیں گی۔ بھیم آرمی کے لیڈر چندرشیکھر نے ’چلوجامع مسجد‘ کا نعرہ دیا ہے اور جامعہ کے طلبہ نے بھیم آرمی کو اپنی حمایت دی ہے۔

جامعہ نگر علاقے کے شاہین باغ میں احتجاجی مظاہرے کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے نوئیڈا جانے والے متھرا روڈ سے کالندی کنج روڈ کو بند رکھا ہے۔ انہوں نے نوئیڈا جانے کےلئے آشرم اور مہارانی باغ کی سمت سے جانے کی صلاح دی ہے۔ پچھلے کئی دنوں سے متھرا روڈ سے کالندی کنج راستہ بند ہے۔

واضح رہے کہ جمعرات کواحتجاجی مظاہروں کی وجہ سےدہلی کے 20 اسٹیشنوں کو بند کیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی کچھ گھنٹوں کےلئے کچھ علاقوں میں موبائل خدمات بھی بند کردی گئی تھیں۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، جسولا وہار، شاہین باغ، منرکا، لال قلعہ، جامع مسجد، کشمیری گیٹ، چاندنی چوک، وشو ودیالے، بارہ کھمباروڈ، پٹیل چوک، لوک کلیان مارگ، سینٹرل سیکریٹیریٹ، ادیوگ بھون، وسنت وہار، منڈی ہاؤس، آئی ٹی او، راجیوچوک، پرگتی میدان اور خان مارکٹ میٹرو اسٹیشنوں کو بند کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!