تعمیرِاڈمنسٹریٹوعمارت معاملہ میں بیدرضلع انچارج منسٹر اورایم پی اپنی من مانی بند کریں: ایم ایل سی اروندکمارارلی
عوام کے منتخب نمائندوں، تنظیموں، تاجروں اورعوام سے رائے لے کر ہی اڈمنسٹریٹو عمارت تیارکی جائے: اروندارلی
بیدر:17/ڈسمبر (وائی آر) بیدر کے رکن قانون سازکونسل (MLC) مسٹر اروندکمارارلی نے آج بنگلور سے ٹیلی فون کرکے بتایاہے کہ بیدر ضلع میں اڈمنسٹریٹو بلڈنگ منتخبہ عوامی نمائندوں، کنڑا تنظیموں، تاجروں کی تنظیموں اور عوام سے رائے لینے کے بعد ہی تعمیر کی جائے۔کولار صنعتی علاقے میں ضلع اڈمنسٹریٹو بلڈنگ کی تعمیر سے عوام کو تکالیف کاسامناکرناپڑے گا۔ مسٹر ارلی نے بیدر ضلع انچارج وزیر پربھوچوہان اور رکن پارلیمنٹ بھگونت کھوباپر الزام لگایاہے کہ مرکز میں امیت شاہ اور نریندرمودی دونوں جس طرح اپنی من مانی کررہے ہیں اسی طرح بیدر میں چوہان اور کھوبا اپنی من مانی کررہے ہیں۔
انھوں نے بتایاکہ اگر بیدر کاڈپٹی کمشنر دفتر یہاں سے ہٹاکر کولار صنعتی علاقے کو لے جایا گیاتو اس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوگاالٹا عوام کوتکالیف ہوگی کیونکہ یہ کولار صنعتی علاقہ بید رسے 8کیلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ عام آدمی کو وہاں پہنچنے کے لئے تکالیف کاسامناہوگا۔ جانے کے لئے 30-40روپئے خرچ کرنے پڑیں گے اور وہاں سے واپس آنے کے لئے 30-40روپئے خرچ کرنے پڑیں گے۔ خصوصاً پربھوچوہان ضلع انچارج وزیر کے اسمبلی حلقہ”اوراد“ والوں کو یہاں تک پہنچنے کے لئے تکلیف ہوگی۔
ایم ایل سی ارلی نے سابقہ فیصلہ کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس وقت مامن کیری میں ضلع اڈمنسٹریٹو عمارت قائم کرنے کی بات ہورہی تھی اس وقت رکن پارلیمان بھگونت کھوبانے رکن اسمبلی رحیم خان کو اپنے ساتھ ملاکر میٹنگ میں اعتراض کیاتھاکہ مامن کیری میں نہیں بلکہ آج جس مقام پر ڈی سی آفس ہے وہیں پر عمارت تعمیر کی جائے۔ اس وقت کے ڈپٹی کمشنر انوراگ تیواری کی زیرقیادت طئے کیاگیاتھاکہ موجودہ ڈپٹی کمشنر دفتر، میونسپلٹی کادفتر، ڈی ڈی پی آئی دفتر اور ایگریکلچر دفتر ان تمام کوملاکر 8ایکٹر زمین پر اڈمنسٹریٹو عمارت تعمیر کی جائے گی۔
اب سابقہ فیصلہ کے بجائے صنعتی علاقہ کولار میں اڈمنسٹریٹو دفتر قائم کرنے کی ضد بتاتی ہے کہ یہ کام عوام کے فائدے کے لئے نہیں بلکہ اپنے کسی مقصد کی تعمیل کے لئے کیاجارہاہے۔ اور اس کے لئے عوامی نمائندوں، کنڑا اور سماجی تنظیموں کے علاوہ عوام سے مشورہ بھی نہیں کیاگیا۔ میں اس کی سخت مذمت کرتاہوں اور پربھوچوہان اور بھگونت کھوبا ایم پی سے میری گذارش ہے کہ وہ اپنی من مانی کو بندکریں اور عوام سے مشورہ کے بعد ہی کوئی فیصلہ اڈمنسٹریٹو عمارت کی تعمیر سے متعلق کریں۔