خبریںقومی

مجلس اتحاد المسلمین شہریت بل کی کاپی اور حکمرانوں کے پتلے ندرآتش کرے گی

کشن گنج: شہریت ترمیمی بل کی پارلیمنٹ میں لوک سبھا سے منظوری پر شدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے آل انڈیامجلس اتحادالمسلمین بہار شاخ کے صدر اور سابق رکن اسمبلی اختر الایمان نے کہا ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین جلد ہی شہریت بل کی کاپی اور حکمرانوں کے پتلے ندرآتش کرے گی۔ یہ اطلاع انہوں نے اپنے جاری کردہ ایک پریس بیان میں دی۔

انہوں نے مرکز کی بی جے پی اور ریاست کی بی جے پی جے ڈی یو مخلوط حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہاکہ”یہ دنیاکا سب سے بڑاجمہوری نظام والاملک فرقہ وارانہ نظریات کی حامل حکمراں جماعت کاکھلونابن کررہ گیا ہے۔“ انہوں نے کہاکہ آج سیاسی بازیگری کے نام پر دستورہندکی بے حرمتی ہورہی ہے۔افسوس کی بات ہے کہ دستورہندکی بے حرمتی کے خلاف ایوان میں لوگ لب کشائی کی ہمت نہیں کررہے ہیں،اس سے زیادہ شرمناک بات کیاہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ”مسلمانوں کے ساتھ واضح عصبیت کامظاہرہ کرنے والا شہریت ترمیمی بل کی منظوری دستورہندکے خلاف ہے اس لیے ملک بھر کے انصاف پسندجماعتوں کو متحدہوکراس کے خلاف احتجاج کرناچاہیے۔“

اخترالایمان کے ساتھ کشن گنج سے مجلس اتحادالمسلمین کے رکن اسمبلی قمرالہدیٰ نے اپنے مشترکہ پریس بیان میں دعوی کیا کہ نفرت کی سیاست کرنے والی جماعتیں پہلے ہماری عبادت گاہوں کو نشانہ بناکرسیاست کررہی تھیں اب ہماری شہریت پر بھی وارکرنے لگی ہیں جب کہ اس ملک کی جدوجہد آزادی کی تاریخ چیخ چیخ کرپکاررہی ہے کہ اس ملک کو آزادی دلانے میں مسلمانوں نے جام شہادت پی اورانگریزوں کے ظلم وستم کانشانہ بنے۔ملک تقسیم ہوااس میں بھی یہاں کے مسلمانو ں نے اپنے وطن کونہیں چھوڑا،اس کے باوجودآج حکمراں مسلمانوں کے ساتھ دوسرے درجے کاشہری بنانے پر آمادہ ہیں؟

دونوں نے نے اپنے بیان میں برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ بہارکی نتیش حکومت اقلیتوں کی ہمدردی کادم بھرتی ہے لیکن جب اقلیت مخالف شہری ترمیمی بل لوک سبھا میں پاس ہواتواس کی حمایت جنتادل یونائٹیڈ کے اراکین پارلیمنٹ نے کی جس سے نتیش کے چہرہ بے نقاب ہوگیاہے۔انہو ں نے الزام لگایا کہ نتیش حکومت کی اقلیت دشمنی پوری طرح ظاہرہوچکی ہے اس لیے بہارکی اقلیتوں کو نتیش کمارکے حقیقی چہرہ کوپہچان لیناچاہیے۔

مجلس اتحادالمسلمین کے ریاستی صدراخترالایمان نے اپنی پارٹی کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی کی شہریت ترمیمی بل کی مخالفت کاخیرمقدم کیاہے اوربل کی کاپی کوپارلیمنٹ میں پھاڑے جانے کو ملک بھر کی اقلیتوں کے جذبات کی ترجمانی قراردیاہے۔انہو ں نے اعلان کیاہے کہ ان کی پارٹی کی جہاں جہاں شاخ قائم ہے وہاں شہریت ترمیمی بل کی کاپی اور حکمرانوں کاپتلہ نذرآتش کیاجائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!