بل۔غیر دستوری: شہریت ترمیمی بل کی کاپیاں جلا کر ویلفئیر پارٹی کرے گی احتجاج
بیدر: 10/ڈسمبر (وائی آر) شہریت ترمیمی بل(CAB)کو غیر دستوری قرار دیتے ہوئے ویلفیر پارٹی آف انڈیا کرناٹک نے اس کی شدید مخالفت کی ہے۔یہ بل دستور کی دفعہ14,15 اور16سے متصادم ہے۔ یہ بل امتیاز اور تفریق پر مبنی ہے جو شہریت بل1955میں ترمیں کر کے مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب کے لوگ جو افغانستان،پاکستان اور بنگلہ دیش سے نقل مکانی کرکے31ڈسمبر2014سے پہلے بھارت میں داخل ہوگئے ہوں ان کو شہریت دینے کی بات کی گئی ہے۔
یہ بل کثرت میں وحدت کے ہندوستانی تصور کے منافی ہے اور بی جے پی کے نعرہ سب کا ساتھ،سب کا وکاس،سب کا وشواس سے بلکل ٹکراتا ہے۔ویلفیر پارٹی کا ماننا ہے کہ یہ بل آر یس یس کے ہندو راشٹر کے مقاصد کی تکمیل کی جانب ایک قدم ہے،اور دستور ہند میں جو سوشلسٹ، سیکولر اورجمہورت کی بات کی گئی ہے اس کے بلکل خلاف ہے۔ یہ بی جے پی کی ووٹ بینک کی سیاست کا حصہ ہے جو اس ملک کے باشندوں میں منافرت پیدا کرتی ہے۔ اس بل میں مسلمانوں کو الگ رکھنے کے علاوہ،پڑوسی ممالک،سری لنکا،میانمار،تبت،چین میں مذہبی منافرت اور ظلم و ستم کے شکار ہندوستانیوں کا کوئی ذکر نہیں ہے،جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ بل انسانی ہمدردی کے لئے نہیں بلکہ صرف مسلمانوں کو پریشان کرنے اور اُن کے تعلق سے پائی جانے والی نفرت کو ہوا دینے کے لئے پیش کیا گیا ہے۔
ویلفئیر پارٹی کا یہ بھی ماننا ہے کہ بی جے پی اس بل کو پیش کر کے عوام کی توجہ اس ملک کے اصل مسائل،گرتی معیشت،غربت،بے روزگاری،عورتوں پر مظالم سے ہٹا ناچاہتی ہے۔ان تمام محاذوں پر یہ حکومت بُری طرح ناکام ہے۔جو حکومت اس ملک کے نوجوانوں کو روز گار فراہم نہیں کر سکتی،اس ملک کے غریبوں کو پیٹ بھر کھانا فراہم نہیں کر سکتی اُس سے یہ کیسے ممکن ہے کہ باہر سے آنے والے لوگوں کو صہولیات فراہم کرے گی؟
اس کے علاوہ بڑی تعداد میں غیر مسلم تارکینِ وطن کا شمال مشرقی ریاستوں میں داخلہ اور ان کو شہریت کے دئیے جانے سے نہ صرف اس علاقہ کا کلچر،تمدن اور انسانی ضرورت کو بھی اُتھل پتھل کرکے رکھ دے گا۔حکومت کا یہ قدم انتہائی خطرناک ہے جو اس ملک میں پھر ایک بارتقسیم ہند کے جیسے حالات پیدا کر سکتا ہے۔جناب طاہر حسین ایڈوکیٹ صدر ویلفئیرپارٹی آف انڈیا کرناٹک نے اس بل کی مخالفت میں ریاست بھر میں بل کی کاپیاں جلا کر سخت احتجاج کر نے کا فیصلہ لیا ہے، تمام ضلعی مستقروں پر پارٹی کی جانب سے بل کی کاپیاں نظر آتش کی جائیں گی۔
پارٹی نے اس موقع سے تمام محب وطن عوام،تنظیموں اور سیکولر پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ اس بل کی پرزور مخالفت کریں اور کسی بھی صورت میں اس بل کا نافذ ہونے نہ دیں اور حکومت کو مجبور کریں کہ وہ اس بل کو واپس لے۔اس بات کی اطلاع جناب عزیز جاگیردار میڈیا کوآرڈی نیٹر نے ایک پریس نوٹ کے ذریعہ دی ہے۔