پریانکاریڈی اور ذکریٰ بانو کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف بیدر میں کینڈل مارچ
بیدر:5/ڈسمبر(وائی آر) ڈاکٹر پریانکاریڈی اور8سالہ ذکریٰ بانو کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف کل 4/ڈسمبر کی شب گاوان چوک تا امبیڈکر سرکل ایکعظیم الشان اور پراثر کینڈل مارچ میری آواز سنونامی یوتھ آرگنائزیشن بیدر نے نکالا۔ جس کی قیادت نوجوان قائد اور یوتھ آرگنائزیشن کے ریاستی صدر جناب محمدنوید احمدنے کی۔ اس کینڈل مارچ میں برقعہ پوش خواتین کے علاوہ دیگر طبقات کی خواتین بھی شامل رہیں۔
میری آواز سنو وومنس ونگ کی بیدر سٹی صدر زوبیہ بیگم نے کینڈل مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیاکہ عصمت دری کرنے اورڈاکٹر پریانکاریڈی اور 8سالہ ذکریٰ بانو کو قتل کرنے والے زانیوں اورخاطیوں کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہیے۔ جب تک ملزمین کوسزانہیں دی جاتی ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
جناب نویداحمد ریاستی صدر نے اپنے خطاب میں کہاکہ مجرم ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی نہیں ہوتا۔ مجرم صرف مجرم ہوتاہے۔ اس کی ذات جرم سے وابستہ ہوتی ہے۔ اس کامذہب جرم کے علاوہ کچھ نہیں ہوتا۔ انھوں نے امن وامان کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بہتر سماج وہ ہوتاہے جہاں مجرم کی ذات نہیں د یکھی جاتی اور اس کو بخشانہیں جاتا۔اس کے جرم کی سزاد ی جاتی ہے۔لہٰذا میرا مطالبہ ہے کہ انھیں سخت سے سخت سزافوری دی جائے۔ معاملہ کو لیت ولعل کاشکار نہ بنایاجائے۔
اس کینڈل مارچ میں یوتھ آرگنائزیشن کے عہدیداران کے علاوہ سماجی کارکنان جناب محمدیوسف،سید وحیدلکھن،امرت راؤچمکوڑے، عبدالعزیز مناسابق کونسلر، مفتی عبدالغفار قاسمی، محمد اعظم، جنیدالدین وغیرہ کے علاوہ سینکڑوں افراد نے حصہ لیا۔اس بات کی اطلاع محمدنویداحمد نے اپنے دستخط سے جاری ایک پریس نوٹ میں دی ہے۔