کرناٹک ضمنی انتخاب: 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ جاری، بی جے پی حکومت کی قسمت داؤ پر
ووٹ ڈالنے کے بعد بی جے پی امیدوار نے ای وی ایم کو کیا ’نمسکار‘
کرناٹک میں 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب ہو رہا ہے اور ووٹنگ کا عمل جاری و ساری ہے۔ اس درمیان ایک بی جے پی امیدوار کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں انھوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا اور پھر ای وی ایم کو ہاتھ جوڑ کر نمسکار کیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے لیے یہ ضمنی انتخاب کافی اہم ہے کیونکہ اسے ریاست میں مستحکم حکومت کے لیے کم از کم 6 سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔
کرناٹک الیکشن: ای وی ایم میں خرابی کے بعد اتھانی کے ایک پولنگ بوتھ پر مشین تبدیل
کرناٹک ضمنی انتخابات کے دوران کچھ مقامات پر ای وی ایم میں خرابی کی باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اتھانی کے تانگڈی پولنگ اسٹیشن پر پولنگ بوتھ نمبر 3 میں موجود ای وی ایم میں کچھ تکنیکی خرابی سامنے آئی ہے۔ خرابی سامنے آنے کے بعد ای وی ایم کو تبدیل کر دیا گیا ہے اور ووٹنگ کا عمل ایک بار پھر شروع ہو گیا ہے۔
کرناٹک میں 15 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب کے پیش نظر آج ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ کا عمل آج صبح 7 بجے سے ہی شروع ہو گیا تھا اور لوگ دھیرے دھیرے پولنگ بوتھوں پر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پہنچ رہے ہیں۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا کی قیادت والی بی جے پی حکومت کی قسمت بھی اس ضمنی انتخاب میں داؤ پر ہے۔ اگر بی جے پی کو 6 سے کم سیٹیں حاصل ہوئیں تو حکومت میں بنے رہنا اس کے لیے مشکل ہو جائے گا۔