حکومت شہریوں کےتحفظ کو یقینی بنانے اور عصمت دری واقعات پر فوری اقدامات کرے: جماعت اسلامی
نئی دہلی: 3/ڈسمبر (اے این بی)شعبہ میڈیا ، جماعت اسلامی ہند کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مرکز جماعت اسلامی ہند میں ماہانہ پریس کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں جماعت کی خواتین ونگ کی قومی سکریٹری محترمہ عطیہ صدیقہ اور اور کو۔سکریٹری محترمہ رحمت النساء نے حیدرآباد میں خاتون ڈاکٹر کی وحشیانہ عصمت دری کے بعد قتل اور خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے موضوع پر میڈیا کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم حیدرآباد میں خاتون ڈاکٹر کی وحشیانہ عصمت دری کے بعد قتل کی مذمت کرتے ہیں۔
جماعت کا مطالبہ ہے کہ قصور واروں کو جلد از جلد سزا دی جائے۔ خواتین کے خلاف عصمت دری اور جرائم کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور خواتین خود کو اب بھی محفوظ محسوس نہیں کر رہی ہیں۔ این سی آر بی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ہر گھنٹے تقریبا چار خواتین کی عصمت دری ہوتی ہے اور ہر تین منٹ میں دو خواتین کے ساتھ بد سلوکی کی جاتی ہے۔
جماعت اسلامی ہند چاہتی ہے کہ عصمت دری اور خواتین پر حملے کے مرتکب مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور قانون کے تحت سخت سے سخت سزا دی جائے۔ عصمت دری کے معاملے میں سزا کی شرح انتہائی کم ہے، اس وجہ سے عصمت دری کے واقعات پر قابو پانا مشکل ہو رہا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائے گی اور اپنے نعرے بیٹی بچاؤ پر قائم رہے گی۔