مہاراشٹر کے شیواجی پارک میں اُدھو ٹھاکرے کی حلف برداری آج، تیاریاں جاری
ممبئی کے شیواجی پارک میں آج مہاراشٹر کی نئی حکومت کی حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی۔ شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ شام تقریباً 6.40 بجے حلف برداری تقریب منعقد کی جائے گی۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا مل کر ریاست میں حکومت بنانے جا رہی ہیں۔خبروں کے مطابق شیوسینا کی جانب سے سبھاش دیسائی اور ایکناتھ شندے، این سی پی کی جانب سے جینت پاٹل اور چھگن بھجبل وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے۔ وہیں کانگریس کی جانب سے بالا صاحب تھوراٹ اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوان بھی حلف لیں گے۔
حلف برداری تقریب سے پہلے شیواجی پارک میں مچھروں کو بھگانے کے لیے چھوڑا گیا دھواں
ممبئی میں شیواجی پارک میں بی ایم سی کے ذریعہ مچھر بھگانے کے لیے دھوئیں چھوڑے گئے ہیں۔ مہاراشٹر کی نئی حکومت کی حلف برداری تقریب آج شام ہونے والی ہے جس کی سبھی تیاریاں تقریباً مکمل ہو چکی ہیں۔ اس حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کے لیے پی ایم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، کانگریس صدر سونیا گاندھی، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور دہلی کے وزیر اروند کیجریوال سمیت کئی مشہور و معروف ہستیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
حلف برداری سے پہلے ممبئی میں ہر جگہ لگے ادھو ٹھاکرے کے ہورڈنگز اور بینرس
ممبئی میں مہاراشٹر کی نئی حکومت کی تشکیل سے قبل پورا شہر پوسٹر اور بینر سے بھر گیا ہے۔ کانگریس، این سی پی اور شیوسینا کارکنان کے ذریعہ لگائے گئے بینر و پوسٹر میں نئی حکومت کا استقبال کیا گیا ہے۔ ادھو ٹھاکرے کی قیادت میں آج نئی حکومت تشکیل پانے والی ہے اور ادھو بریگیڈ شیواجی پارک میں حلف لینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ممبئی میں بالا صاحب ٹھاکرے کی سمادھی کو پھولوں سے سجایا گیا
شیواجی پارک میں ادھو ٹھاکرے آج وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے والے ہیں اور اس سے پہلے اس تقریب کی تیاریاں تقریباً مکمل ہو گئی ہیں۔ شیواجی پارک میں موجود بالا صاحب ٹھاکرے کی سمادھی کو بھی پھولوں سے سجا دیا گیا ہے۔ شیوسینا سربراہ اور ’مہا وکاس اگھاڑی‘ کے لیڈر ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری تقریب میں کئی مشہور و معروف ہستیوں کے ساتھ ساتھ کسانوں اور خودکشی کرنے والے کسانوں کی بیواؤں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔