خبریںریاستوں سےعلاقائیمہاراشٹرا

مہاراشٹرا میں سیاسی تماشہ جاری، فڑنویس سی ایم اور این سی پی لیڈر اجیت پوار نے ڈپٹی سی ایم کا لیا حلف

مہاراشٹر کا الٹ پھیر: این سی پی کی میٹنگ میں اجیت پوار پر کارروائی، دلیپ پاٹِل قانون ساز پارٹی کے نئے رہنما

مہاراشٹر کی سیاست نے ایک زبردست کروٹ اس وقت لی جب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے ایک بار پھر وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے بطور نائب وزیر اعلیٰ حلف لیا۔

این سی پی کی میٹنگ میں اجیت پوار پر کارروائی، دلیپ پاٹِل قانون ساز پارٹی کے نئے رہنما

ممبئی: مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل کے دوران این سی پی باغی لیڈر اور شردپوار کے بھتیجے اجیت پوار کی جگہ سابق اسپیکر اور قدآور لیڈر دلیپ ولسے پاٹل کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا ہے جبکہ اجیت کو ایک دھچکا اس وقت لگا جب ان کے دست راست دھنجئے منڈے این سی پی کی میٹنگ میں شریک ہوگئے اور 48 اراکین نے میٹنگ میں شرکت کی ہے۔

واضح رہے کہ شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے ریاست میں بی جے پی کی قیادت میں دیویندر فڈنویس کو حکومت بنائے جانے کا موقع دینے اور انہیں اجیت پوار کے ساتھ حلف دلانے کے طریقہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے کیونکہ گورنر کوشیاری پر بغیر تحقیق فیصلہ لیے جانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر کے 12کروڑ بھوکے عوام اور ملک۔کے عوام بھی ٹھیک ٹھاک نیند سے جاگے بھی نہیں تھے کہ ممبئی راج بھون میں گورنر کوشیاری نے ناشتہ کی میز دیویندرفڑنویس اور سین سی پی لیڈر اجیت پوار کو حلف دلایا۔یہ سب 8بجے سیاسی کھیل شروع ہوگیا۔اس واقعہ نے ایسا ماحول بناکہ اخبارات کی سرخیاں غلط ثابت ہوگئیں۔

شرد پوار کی میٹنگ، این سی پی کے 54 میں سے 42 ارکان اسمبلی موجود

شرد پوار کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ اس میٹنگ میں این سی پی کے کل 54 ارکان اسمبلی میں سے 42 موجود ہیں، جبکہ 12 ارکان اسمبلی اس سے غیر حاضر ہیں۔

میٹنگ میں شیو سینا کے رہنما ملند نرویلکر اور ایک ناتھ شندے دو این سی پی ارکان اسمبلی سنجے بنسوڈ اور بالا صاحب پاٹل کو لے کر ممبئےی کے وائی بی چوہان سینٹر پہنچے ہیں۔ ان دونوں ارکان اسمبلی کے حوالہ سے کہا جا رہا تھا کہ یہ این سی پی لیڈر اجیت پوار کے خیمہ میں شامل ہیں۔

شیو سینا کے بعد این سی پی اور کانگریس بھی پہنچی سپریم کورٹ

مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت سازی کے خلاف شیو سینا کے بعد این سی پی اور کانگریس نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تینوں جماعتوں کی عرضی کچھ ہی دیر میں داخل کی جائے گی اور اس پر سپریم کورٹ آج رات کو ہی سماعت کرے گا۔

فڑنویس کی حکومت سازی کے خلاف شیو سینا سپریم کورٹ پہنچی

مہاراشٹر میں غیر متوقع طور پر ہفتہ کے روز گونر بھگت سنگھ کوشیاری کی جانب سے دیوندر فڑنویس کو وزیر اعلیٰ اور اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف دلوانے کے خلاف شیو سینا نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

این سی پی کے صرف 5 ارکان اسمبلی شرد پوار کی میٹنگ سے غیر حاضر

مہاراشٹر کی سیاست میں عظیم ہلچل جاری ہے۔ صبح جو این سی پی ارکان اسمبلی اجیت پوار کے ساتھ نظر آ رہے تھے اور بی جے پی کے وزیر اعلیٰ فڑنویس کی حلف برداری تقریب میں بھی شامل ہوئے تھے ان میں سے بھی کچھ ارکان اسمبلی شرد پوار کی میٹنگ میں پہنچ گئے ہیں۔ یہاں تک کہ مراٹھواڑا میں کافی اثر و رسوخ رکھنے والے دھننجے منڈے بھی میٹنگ میں پہنچے ہیں۔

اب محض 5 ارکان اسمبلی ایسے ہیں جو شرد پوار کی میٹنگ سے غیر حاضر ہیں۔

مودی ہے تو ممکن ہے: فڑنویس

وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے بعد پہلی بار بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ممبئی میں دیویندر فڑنویس نے کہا کہ ’مودی ہے تو ممکن ہے۔‘ چہرے پر مسکراہٹ لیے ہوئے دیویندر فڑنویس نے کہا کہ یہ حکومت پانچ سالوں تک چلے گی اور عوام کی فلاح کے لیے کام کرے گی۔

فڑنویس کی حمایت کرنے والے 9 اراکین اسمبلی چارٹرڈ طیارہ سے دہلی بھیجے گئے

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ فڑنویس کی حمایت کرنے والے 9 اراکین اسمبلی کو چارٹرڈ طیارہ سے دہلی بھیج دیا گیا ہے۔ نیوز پورٹل نیوز18 کی خبروں کے مطابق 9 اراکین اسمبلی کا نام ان کے پاس موجود ہے جنھیں دہلی بھیجا گیا ہے۔ جو سیاسی ماحول مہاراشٹر میں چل رہا ہے، اس کے پیش نظر بتایا جاتا ہے کہ ان اراکین اسمبلی کو دہلی اس لیے بھیج دیا گیا تاکہ وہ دوبارہ شرد پوار کے پاس نہ چلے جائیں۔

شیوسینا اراکین اسمبلی کو کامیابی فڑنویس کی وجہ سے ملی: روی شنکر پرساد

مہاراشٹر میں بی جے پی قانون ساز پارٹی لیڈر دیویندر فڑنویس کے ذریعہ وزیر اعلیٰ عہدہ کی حلف برداری کے بعد پہلی بار بی جے پی کی طرف سے پریس کانفرنس کیا گیا اور سیاسی ماحول پر رد عمل بھی ظاہر کیا گیا۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے پریس کانفرنس کے دوران واضح لفظوں میں کہا کہ پوری انتخابی تشہیر کے دوران دیویندر فڑنویس کا نام بطور وزیر اعلیٰ پیش کیا گیا تھا۔ بی جے پی کی طاقت اور بطور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے چہرہ نے ہی شیوسینا امیدوار کو کامیاب بنایا۔ ایسی صورت میں شیوسینا نے ’مہایوتی‘ سے الگ ہو کر غلط کیا تھا اور عوام کو مایوسی ہوئی تھی۔

میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ کرکٹ اور سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے: نتن گڈکری

مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر نتن گڈکری نے مہاراشٹر کے نئے ماحول میں پہلی بار اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ کرکٹ اور سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے، اب آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ میرا کیا مطلب تھا۔‘‘

کانگریس-این سی پی-شیوسینا تینوں ایک ساتھ، ہم بی جے پی کو شکست دیں گے: احمد پٹیل

مہاراشٹر کے سیاسی ڈرامے کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کا بڑا بیان سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کی گئی، بینڈ باجہ اور بارات کے بغیر ہی وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ نے حلف لے لیا۔ کہیں نہ کہیں کچھ غلط ضرور ہوا ہے۔ سب کچھ چھپا کر کیا گیا۔ بے شرمی کی انتہا کو پار کیا گیا۔ صبح ہوئے ’حادثہ‘ کی مذمت کے لیے الفاظ نہیں۔

اجیت پوار کے ساتھ جانے والے 8 میں سے 5 اراکین اسمبلی واپس آ گئے: سنجے راؤت

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے میڈیا سے کہا ہے کہ اجیت پوار دھوکہ سے این سی پی اراکین اسمبلی کو حلف برداری تقریب میں لے گئے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ جو 8 این سی پی اراکین اسمبلی حلف برداری تقریب میں گئے تھے ان میں سے 5 واپس شرد پوار کے پاس آ گئے ہیں اور اگر بی جے پی میں ہمت ہے تو وہ اسمبلی میں اکثریت ثابت کر کے دکھائے۔

کانگریس-این سی پی-شیوسینا اب بھی ایک ساتھ کھڑے ہیں: شرد پوار

شرد پوار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب بھی کانگریس، این سی پی اور شیوسینا ایک ساتھ کھڑے ہیں اور اجیت پوار کے ذریعہ کیے گئے دھوکے سے اس اتحاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ شرد پوار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس وقت اجیت پوار کے ساتھ 11-10 اراکین اسمبلی ہیں اور کچھ اراکین اسمبلی جو ان کے ساتھ تھے، وہ اب ہمارے پاس آ چکے ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو بی جے پی کو اکثریت ثابت کرنے میں مشکل پیش آئے گی۔

اجیت پوار کے ساتھ فڑنویس کی حلف برداری تقریب میں گئے این سی پی اراکین اسمبلی نے چھوڑا ان کا ساتھ

اس وقت این سی پی سربراہ شرد پوار اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے کے ذریعہ مشترکہ پریس کانفرنس ممبئی کے وائی بی چوہان آڈیٹوریم میں جاری ہے۔ اس پریس کانفرنس میں اجیت پوار کے ساتھ دیویندر فڑنویس کی حلف برداری تقریب میں شامل ہوئے این سی پی لیڈران بھی موجود ہیں اور انھوں نے کہا کہ وہ شرد پوار کے ساتھ ہیں۔ اجیت پوار کا ساتھ چھوڑنے والے این سی پی اراکین اسمبلی کا کہنا ہے کہ انھیں دھوکے سے گورنر ہاؤس لے جایا گیا تھا اور وہ بی جے پی کی حمایت نہیں کریں گے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر اجیت پوار کو اس عہدہ سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ این سی پی سربراہ شرد پوار اور پارٹی لیڈروں کی ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ اجیت پوار پر این سی پی نے الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے پارٹی کو دھوکہ دیتے ہوئے بی جے پی کو حمایت دینے کا اعلان کیا جس سے ریاست میں بی جے پی کی حکومت بن گئی۔

دھوکے سے بنائی گئی حکومت کو اسمبلی میں شکست ملے گی: نواب ملک

مہاراشٹر میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے سبھی حیران ہیں، اور راتوں رات اجیت پوار کے ذریعہ بی جے پی کو حمایت دینے کے فیصلہ نے این سی پی سربراہ شرد پوار کو زبردست جھٹکا دیا ہے۔ شیوسینا لیڈران بھی اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے سے حیرت میں ہیں۔ اب این سی پی سربراہ شرد پوار اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے 12.30 بجے میڈیا سے روبرو ہوں گے تاکہ چیزوں کو واضح کیا جا سکے اور آگے کیا کچھ ہو سکتا ہے، اس پر بھی اپنا رد عمل دیں گے۔

170 اراکین اسمبلی ہمارے ساتھ، ہم اپنی اکثریت ثابت کریں گے: بی جے پی لیڈر گریش مہاجن

بی جے پی لیڈر گریش مہاجن نے میڈیا سے کہا ہے کہ ’’ہم اپنی اکثریت ثابت کریں گے کیونکہ ہمیں 170 اراکین اسمبلی کی حمایت حاصل ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اجیت پوار نے گورنر کو جو خط دیا ہے اس میں این سی پی اراکین اسمبلی کی حمایت کا دعویٰ دیا گیا ہے اور چونکہ اجیت پوار این سی پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر ہیں، اس کا مطلب یہ ہے کہ سبھی این سی پی اراکین اسمبلی کی حمایت بی جے پی کو مل رہی ہے۔‘‘

اجیت پوار نے مہاراشٹر کی عوام سے دھوکہ کیا، شرد پوار کا اس سے کوئی تعلق نہیں: سنجے راؤت

سنجے راؤت نے مہاراشٹر میں نئے سیاسی ماحول کے پیش نظر ایک پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے کہا کہ اجیت پوار نے بی جے پی سے ہاتھ ملا کر شرد پوار، ریاستی عوام اور چھترپتی شیواجی مہاراج کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ سنجے راؤت نے کہا کہ رات تک اجیت پوار میٹنگ میں ہمارے ساتھ تھے اور پھر صبح جا کر نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا، انھوں نے پاپ کیا ہے۔

سنجے راؤت نے مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری پر بھی انگلی اٹھائی اور کہا کہ میں جانتا ہوں کہ وہ آر ایس ایس سے آئے ہیں اور امید تھی کہ وہ اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑیں گے، لیکن رات کی تاریکی میں جس طرح کے کھیل کو انھوں نے فروغ دیا، وہ ناقابل یقین ہے۔

مہاراشٹر میں سیاسی اتھل پتھل کے درمیان شرد پوار نے کہا ’بی جے پی کی حمایت کا فیصلہ میرا نہیں‘

ایک طرف این سی پی لیڈر اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا ہے اور دوسری طرف شرد پوار نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر کے حکومت بنانے کا فیصلہ ان کا نہیں ہے۔ شرد پوار نے یہ بھی کہا کہ یہ پوری طرح سے اجیت پوار کا فیصلہ ہے اور اس طرح کے فیصلے کی ہم قطعی حمایت نہیں کرتے۔

پی ایم مودی اور امت شاہ نے دیویندر فڑنویس کو دی مبارکباد

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس کو مبارکبادیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فڑنویس کے وزیر اعلیٰ بننے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ عوام کے حق میں کام کریں گے۔ پی ایم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’دیویندر فڑنویس جی اور اجیت پوار جی کو بالترتیب وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے پر مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لیے لگن سے کام کریں گے۔‘‘ امت شاہ نے بھی فڑنویس کے ساتھ ساتھ این سی پی لیڈر اجیت پوار کو نائب وزیر اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!