ضلع بیدر سے

سالانہ جلسہ جشنِ رحمتہ للعٰلمینؐ سے مولانا سید متین علی شاہ قادری ودیگر کا خطاب

بیدر: 12/نومبر(وائی آر) اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسانوں کوپیدا کیا۔ بے شمار اسباب بھی پیدا کیا۔ انسانوں پر اللہ کی بے شمار نعمتیں عطا ہوئیں۔ اللہ نے برگزیدہ عظمت والے بندے پید اکئے۔ جنہوں نے انسانوں کو اللہ سے قریب کرنے کاکام کیا۔ حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم مکہ معظمہ میں پیداہوئے۔ جو دنیا کاسنٹر پوائنٹ اورساری انسانیت کا مرکزِ ہدایت ہے۔جب انسان بدل گئے، خیالات بدل گئے۔ ہرطرف نافرمانی ہونے لگی۔ امانت کا دور دور تک پتہ نہیں تھا۔ اسی مقام پر حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت ہوئی۔ جب ایک قبیلہ دوسرے قبیلے والوں سے لڑتا۔ ہر طرف جہالت کاگھٹا ٹوپ اندھیراتھا۔ جب کہ انسان اور جن کو عبادت کے لئے پیداکیاگیا۔ لوگ اپنے معبودِ حقیقی کو بھول گئے تھے۔

ایسے حالات میں حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بہترین اخلاق کو پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار تاریخی مدرسہ محمودگاوان ؒکے دامن میں 13/ربیع الاول بعدنماز عشاء 14واں سالانہ مرکزی جلسہٴ جشن ِ رحمتہ للعٰلمین صلی اللہ علیہ وسلم زیراہتمام کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے ایک کثیر اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا سید شاہ متین علی قادری خطیب عیدگاہ گنبدان ِ قطب شاہی حیدرآباد نے کیا۔

مولانا نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان ہماری امت کی پہچان ہیں۔ حضور صلعم نے ظلم کے ماحول میں اخلاق حسنہ کو پیش کرتے رہے اسی وجہ سے لوگ آپ کو کہتے کہ صادق اور امین آرہے ہیں۔ یہ آپ کا کردارتھا، معلم انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ صرف مکہ تک ہی نہیں آپ صلعم کی بات کو ہرطرف دبانے کی کوشش ہوتی رہی۔ آپ صلعم نے کبھی دشمنان اسلام کو بددعا نہیں دی۔

اسلام کوپھیلانے کے لئے حضوراکرم صلعم، صحابہ کرام ؓ نے بے شمار قربانیاں دیں۔ ہم کس حدتک اسلام کے لئے کام کررہے ہیں۔ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمارے اوپر کئی ذمہ داریاں ہیں ان کی ادائیگی پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ایمان کی حلاوت زندگی کااصل مقصدہے۔

آج سیرت طیبہ کوپڑھنے کے بعد زندگی میں انقلاب ِ صالح پیدا ہوسکتاہے۔ اسی سے معاشرے میں انقلاب آسکتاہے۔ میلاد کایہ پیغام کہ اللہ کے بندوں کو اللہ کے دین کی دعوت دینا ہے۔ صحابہ ؓ خلوت وجلوت، روشنی وتاریکی میں حضوراکرم ؓ کے احکامات کی تعمیل میں ہمیشہ تیا ررہتے۔اسلئے مسلمانوں کو آج اس اعلیٰ اخلاق کا مظاہر ہ پیش کرنے کی ضرورت ہے جو حضوراکرم صلعم کی ذاتِ مبارکہ میں ہے۔

مولانا عبدالمتین نظامی امام وخطیب مسجد دبیرپورہ حیدرآباد نے میلادالنبی صلعم کی بابت مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حضوراکرم صلعم کی میلاد اللہ رب العٰلمین کی سنت ہے۔ صحابہ کرام ؓ کی سنت ہے۔ دراصل میلادالنبی صلعم زمانے میں انقلاب کی حقیقی اور اصل وجہ ہے۔ نبی کریم صلعم کی ولادت ایسی نعمت ِ عظمیٰ ہے کہ ہم جس کاشکر ادا نہیں کرسکتے۔

مولانا خواجہ معین الدین نظامی، مولانا محمد فیاض الدین نظامی نے اپنے خطاب میں سیرت طیبہ کے مختلف روشن پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ جناب اسلم فرشوری (حیدرآباد) نے اپنے منفرد انداز میں نظامت کے فرائض انجام دئے۔ آغا زمیں سید منصوراحمدقادری انجینئر نے بھی نظامت کی۔ جناب فراست علی ایڈوکیٹ صدر کاروانِ ادب ومرکزی رحمت عالم کمیٹی بید رنے کلمات تشکر اداکئے۔

شہ نشین پر جنا ب محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ سابق رکن اسمبلی بیدر، مولانا سیدسراج الدین نظامی، جناب محمد حبیب الرحمن، الحاج محمد غوث قریشی، جناب نثاراحمد پانی منتری اور دیگر موجودتھے۔ سلام ودعا کے بعد رات دیر گئے جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!