بابری مسجد فیصلہ: ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات، سڑکیں سنسان، شہری گھروں میں قید
مہاراشٹر کے کارگزار وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں
ممبئی: اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں بابری مسجد-رام مندر تنازع میں حق ملکیت کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے ذریعہ سنائے گئے فیصلہ سے قبل ممبئی سمیت مہاراشٹر بھر میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیئے گئے۔ اس کے علاوہ ممبئی کے حساس علاقوں اور چوراہوں پر مسلح پولس کی تعیناتی کردی گئی۔
مسلم اکثریتی علاقوں میں بھی پولس کا گشت جاری ہے اور فی الحال کوئی ناخوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ مہاراشٹر کے کارگزار وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔
فڑنویس نے عوام سے یہ بھی کہا کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور خصوصاً سوشل میڈیا کو نظر انداز کر دیا جائے۔ اس تعلق سے امن و امان برقرار رکھا جائے۔
اس درمیان ممبئی کی اہم شخصیات نے بھی صبر وتحمل کی اپیل کی ہے ان میں سیاسی، سماجی اور دینی شخصیات شامل ہیں۔ مسلم کونسل کے روح رواں ابراہیم طائی نے ایک ویڈیو جاری کرکے امن وامان کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی افواہ پر توجہ نہ دیں۔