ریاستوں سےمہاراشٹرا

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کافی تیز، وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے دیا استعفیٰ

شیوسینا کی ضد نے اپنا اثر دکھا دیا ہے اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑ گیا ہے۔ انھوں نے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کر کے انھیں اپنا استعفیٰ نامہ سونپ دیا۔ اب تھوڑی دیر میں وہ پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔

دیویندر فڑنویس کے استعفیٰ کے بعد مہاراشٹر کی سیاست گرم ہو گئی ہے۔ سبھی پارٹیوں میں ہلچل تیز ہو گئی ہے اور میڈیا ذرائع کے مطابق ایک طرف ادھو ٹھاکرے اپنے سبھی اراکین اسمبلی سے شام میں ملاقات کریں گے اور دوسری طرف بہت جلد شیوسینا لیڈر سنجے راؤت این سی پی سربراہ شرد پوار سے بھی ملاقات کریں گے۔

ادھو ٹھاکرے آج شام ہوٹل رنگ شاردار میں سبھی اراکین اسمبلی سے کریں گے ملاقات

شیوسینا لیڈر سنیل پربھو نے کہا ہے کہ ادھو ٹھاکرے آج شام ہوٹل رنگ شاردا میں اراکین اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں ادھو ٹھاکرے اپنے اراکین اسمبلی سے ریاست میں حکومت سازی کے تعلق سے گفت و شنید کریں گے۔ اس درمیان این سی پی سربراہ شرد پوار نے مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد انھوں نے کہا ہے کہ شیوسینا اور بی جے پی کو بغیر وقت برباد کیے ساتھ آنا چاہیے اور مہاراشٹر مین حکومت تشکیل دینی چاہیے۔

شیوسینا سے وزیر اعلیٰ عہدہ دینے کا وعدہ کبھی نہیں کیا گیا: نتن گڈکری

ابھی تک شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور پارٹی کے قومی ترجمان سنجے راؤت لگاتار یہ بیان دے رہے تھے کہ لوک سبھا انتخاب میں اتحاد کے وقت بی جے پی نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ مہاراشٹر اسمبلی انتخاب کے بعد 50-50 فارمولے کے تحت ان کی طرف سے ڈھائی سال کا وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا، لیکن نتن گڈکری نے اس طرح کی باتوں کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر نتن گڈکری نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی کرسی ڈھائی سال کے لیے شیوسینا کو دینے کا کبھی بھی وعدہ نہیں کیا گیا۔ گڈکری کا یہ بیان شیو سینا کے لیے ایک جھٹکا ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ بی جے پی کے کسی لیڈر نے ان کے دعووں کو جھوٹا قرار دے دیا ہے۔

شیوسینا ہیڈکوارٹر میں پارٹی ایم پی اور سینئر لیڈروں کی میٹنگ جاری، ادھو ٹھاکرے بھی موجود

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کافی تیز ہو گئی ہے۔ اس وقت شیوسینا ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے سینئر لیڈروں اور اراکین پارلیمنٹ کی میٹنگ جاری ہے جس میں پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے اور ان کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میٹنگ میں شیوسینا کوئی بڑا فیصلہ لے سکتی ہے کیونکہ ابھی تک بی جے پی نے اسے وزیر اعلیٰ عہدہ دینے کی بات نہیں مانی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!