جناب عبدالعلیم انجم ایڈوکیٹ کا قلب پرحملہ کے باعث اچانک انتقال پُرملال
بسواکلیان: یکم نومبر (ایم آئی) میراقبال علی کی اطلاع مطابق یہ خبر انتہائی رنج کے ساتھ دی جاتی ہے کہ بسواکلیان کی ایک معتبر معروف اور سماجی شخصیت جناب عبدالعلیم انجم ایڈوکیٹ صاحب کا اچانک قلب پر حملے کے باعث آج بروز جمعہ صبح بارہ بجے کے قریب انتقال ہوگیا۔
مرحوم گوناگوں مصروفیات کے باوجود شہر کی مختلف سیاسی، سماجی، دینی، ادبی و دیگر تنظیموں سے سالہا سال سے وابستہ رہے، جس میں عیدگاہ کمیٹی صدر، جامع مسجد بسوا کلیان کے بنیادی کارکن، شرعی پنچایت صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ضلعی نائب صدر، رابطہ ملت کے بنیادی تاسیسی ممبر کے علاوہ ادارہ ادب اسلامی ہند سے بھی وابستہ رہے۔
علاوہ ازیں مرحوم جماعت اسلامی ہند بسوا کلیان کے فعال کارکن کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں جماعت اسلامی ہند بسواکلیان کےامیرمقامی جناب عبدالعلیم عابد منصوری، جناب طاہرحسین ریاستی صدر ڈبلیو پی آئی، کرناٹک۔ جناب مجاہد پاشا قریشی (ڈبلیوپی آئی) مشتاق صاحب بھوسگے صدر جامع مسجد، جناب مخدوم محی الدین صدر مسلم بیت المال، اسداللہ خان ذکی صدرایس آئی او، بسواکلیان کے علاوہ شہر کی ملی و مذہبی شخصیات نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کے حق میں دعائیں کی ہیں۔ وارثین میں اہلیہ کے علاوہ 4 لڑکےاور6 لڑکیاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مرحوم شہر بسواکلیان کی علمی اور فعال شخصیات میں شمار ہوتا تھا جن کی نماز جنازہ و تدفین آج بروز جمعہ بعد نماز عشاء عمل میں لائی جائے گی۔