اندرا گاندھی کے یوم وفات پر سونیا، منموہن سمیت دیگرہستیوں نے پیش کیاخراجِ عقیدت
راہل گاندھی نے اپنی دادی اور ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یوم وفات پر انھیں یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’میری دادی کے فولادی ارادے اور بے خوف فیصلے میری رہنمائی کرتے رہیں گے۔‘‘
ملک کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کا آج 35واں یوم وفات ہے۔ اس موقع پر اندرا گاندھی کو کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی اور سابق نائب صدر حامد انصاری سمیت کئی بڑے لیڈروں نے کراج عقیدت پیش کیا۔ سبھی لیڈران ’شکتی استھل‘ پہنچے اور اندرا گاندھی کی یاد میں خراج کے پھول پیش کیے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اپنی دادی اور ملک کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یوم وفات پر ایک جذباتی ٹوئٹ کیا ہے۔ انھوں نے اس ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’آج میری دادی شریمتی اندرا گاندھی جی کا بلیدان دیوس ہے۔ آپ کے فولادی ارادے اور بے خوف فیصلوں کی سیکھ ہر قدم پر میری رہنمائی کرتی رہے گی۔ آپ کو میرا سلام۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اندرا گاندھی کے یومِ شہادت پر انھیں یاد کیا۔ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو ان کے یوم وفات پر خراج عقیدت۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی دہلی کے میجر دھیان چند اسٹیڈیم سے اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے انھیں عقیدت کا خراج پیش کیا۔
غور طلب ہے کہ 31 اکتوبر 1984 کو اندرا گاندھی کے دو سیکورٹی گارڈوں ستونت سنگھ اور بینت سنگھ نے 1، صفدر جنگ روڈ واقع ان کی رہائش پر ان کا قتل کر دیا تھا۔ بہر حال، اندرا گاندھی نے 30 اکتوبر 1984 کو بھونیشور میں ایک جلسہ عام میں جو کچھ کہا تھا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔
انھوں نے کہا تھا کہ ’’میں آج یہاں ہوں، کل شاید نہ رہوں۔ مجھے فکر نہیں۔ میں رہوں یا نہیں رہوں، میری طویل زندگی رہی ہے اور مجھے اس بات کا فخر ہے کہ میں نے اپنی پوری زندگی اپنے لوگوں کی خدمت میں گزاری۔ میں اپنی آخری سانس تک ایسا کرتی رہوں گی۔ جب میں مروں گی تو میرے خون کا ایک ایک قطرہ ہندوستان کو مضبوط کرنے میں لگے گا۔‘‘ ان کے یہ جملے فکر انگیز رہے اور 30 اکتوبر کے اگلے ہی دن یعنی 31 اکتوبر کو ان کا قتل ہو گیا۔