ایس آئی او کا 37 واں یوم تاسیس
صدیقی محمد اویس، میراروڈ
مکرمی!
ایس آئی او ( اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا آف انڈیا ) کو ۳۷ سال مکمل ہو رہے ہیں ۔ ایس آئی او آف انڈیا جماعت اسلامی ہند کی ہی ایک طلبہ تنظیم ہے جسکا قیام ۱۹ اکتوبر ۱۹۸۲ کو عمل میں آیا تھا ۔ ایس آئی او ملک بھر میں ایک نظریاتی طلبہ تنظیم کی حیثیت رکھتی ہے، جس کا مشن الہی ہدایات کے مطابق سماج کی تشکیل نو کے لئے طلبہ و نوجوانوں کو تیار کرنا ہے ۔ اس کے علاوہ ملت کے نوجوانوں میں دینی شعور بیدار کرنا اور غیر مسلم طلبہ و نوجوانوں کو اسلام کی دعوت دینا وغیرہ ایس آئی او آف انڈیا کے اہم اغراض و مقاصد ہیں ۔
تنظیم کئی تعلیمی و سماجی مسائل پر بھی اپنی آواز وقتاً فوقتاً بلند کرتی رہی ہے اور طلبہ و نوجوانوں کے مسائل کو مسلسل اٹھاتی رہی ہے ۔ مثال کے طور میڈیکل داخلی امتحان ‘نیٹ’ ملک کی کئی بڑی زبانوں میں لیا جاتا تھا لیکن اردو زبان میں نہیں تھا، جس سے اردو پڑھنے والے طلباء و طالبات کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا، لیکن ایس آئی او آف انڈیا نے اس مسئلے کو لے کر سپریم کورٹ میں معاملہ درج کیا اور فتح حاصل ہوئی ۔ اس طرح کے اور بھی بہت سے واقعات ہیں جن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ایس آئی او ایک منظم تنظیم ہے جو تمام محاذ پر اپنا اثر رکھتی ہے ۔
موجودہ وقت میں ایس آئی او کے رفقاء کی تعداد کئی ہزاروں میں ہے اور الحمداللہ ایس آئی او ملک کی تقریبا تمام تر ریاستوں میں اپنے کام انجام دے رہی ہے ۔ ہم آج ایس آئی او آف انڈیا کے تمام ممبران کو اس 37ویں یوم تاسیس پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ ان قائدین کے لئے دعا بھی کرتے ہیں جنہوں نے اس تنظیم کو تحریک بنانے کے لئے نہ جانے کتنی قربانیاں دیں۔۔۔۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ ان تمام قائدین کو جزائے خیر دے، انکے درجات کو بلند کرے، اس تنظیم کے رفقاء کو بلند حوصلہ دے اور اپنے دین حق کا خوب کام لے۔۔۔آمین۔