1992 سے کبھی نہیں رکا رام مندر تعمیر کا کام، 2 منزلہ ہوگا مندر: وی ایچ پی
ایودھیا معاملہ پر سپریم کورٹ کی سماعت ختم ہونے کے ساتھ ہی وشو ہندو پریشد سرگرم ہو گیا ہے۔ وشو ہندو پریشد کے کارگزار صدر آلوک کمار نے ایک ہندی نیوزی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 1992 کے بعد سے مندر تعمیر کا کام کبھی رکا ہی نہیں۔ یہ عمل لگاتار چل رہا ہے اور اس سلسلے میں ایک ورک شاپ ایودھیا میں گزشتہ دو دہائی سے لگاتار کام کر رہا ہے۔
آلوک کمار نے بات چیت کے دوران واضح لفظوں میں یہ بھی کہا کہ رام جنم بھومی میں ہی مندر تعمیر ہوگا اور اس سلسلے میں مسلمانوں سے بات چیت کے سبھی امکانات اب ختم ہو چکے ہیں۔ اب صرف سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔ انھیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ ہندووں کی عقیدت کو دھیان میں رکھتے ہوئے ان کے ہی حق میں فیصلہ سنائے گا۔