دہلی کتنی محفوظ! پی ایم مودی کی بھتیجی کا پرس چھین کر بھاگے بدمعاش
دہلی میں بدمعاش کس قدر بے خوف ہیں، اس کا ایک تازہ معاملہ سول لائنس میں سامنے آیا۔ بدمعاشوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھتیجی کو نشانہ بناتے ہوئے اس کا پرس چھین کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
دہلی میں بے خوف بدمعاشوں کا حوصلہ اس قدر بڑھا ہوا ہے کہ اب پی ایم مودی کی فیملی بھی محفوظ نہیں ہے۔ پی ایم مودی کی بھتیجی دمینتی کا پَرس بدمعاش برسرعام چھین کر فرار ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بدمعاشی اسکوٹی پر سوار تھے۔ یہ واقعہ دہلی کے مشہور علاقوں میں سے ایک سول لائنس میں پیش آیا۔
دراصل پی ایم مودی کی بھتیجی ہفتہ کی صبح امرتسر سے دہلی پہنچی تھی۔ انھوں نے ٹھہرنے کے لیے دہلی کے سول لائنس کے گجراتی بھون میں انتظام کیا تھا۔ جیسے ہی وہ دہلی ریلوے اسٹیشن سے سول لائنس کے گجراتی بھون پہنچیں، اسکوٹی پر سوار دو بدمعاش وہاں پہنچے اور ان کا پَرس چھین کر وہاں سے فرار ہو گئے۔
اس واقعہ کے بعد پی ایم مودی کی بھتیجی دمینتی نے بدمعاشوں کے خلاف پولس میں شکایت درج کرائی۔ اپنی شکایت میں انھوں نے بتایا کہ پرس میں کئی ضروری دستاویز تھے۔ دمینتی بین نے بتایا کہ انھیں شام کو احمد آباد کی فلائٹ پکڑنی ہے، لیکن اس کا ٹکٹ بھی اسی بیگ میں تھا۔ فی الحال پولس نے معاملہ درج کر جانچ شروع کر دی ہے اور ملزمین کی تلاش کر رہی ہے۔
غور طلب ہے کہ دہلی میں چین چھیننے اور چھینا جھپٹی کی خبریں اکثر آتی رہتی ہیں۔ گزشتہ دنوں دہلی کے چترنجن پارک علاقے میں خاتون صحافی جوائے مالہ باگچی کے ساتھ دو بائیک سواروں نے چھینا جھپٹی کی کوشش کی تھی۔ مخالفت کرنے پر بدمعاشوں نے خاتون صحافی کے ہاتھ کو پکڑ کر نیچے گرا دیا تھا اور پھر وہ ان کا موبائل لے کر فرار ہو گئے تھے۔ سڑک پر گرنے کی وجہ سے جوائے مالہ کو گہری چوٹیں آئی تھیں اور انھیں علاج کے لیے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔