معیشت کا برا حال، غریب کسان پریشان، پھر بھی صرف صنعت کاروں کے 76 ہزار کروڑ قرض کی معافی کیوں!: پرینکا گاندھی
پرینکا گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ حکومت کس کے لئے 76000 کروڑ روپے کا قرض معاف کررہی ہے جبکہ غریب کسان پریشان ہیں اور انہیں جیل میں ڈالا جا رہا ہے
نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکز کی مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں پوچھا کہ حکومت کس کے لئے 76000 کروڑ روپے کا قرض معاف کررہی ہے جبکہ غریب کسان پریشان ہیں اور انہیں جیل میں ڈالا جارہا ہے۔
پرینکا گاندھی نے ٹویٹ کرکے کہا،’’کسانون کوجیل میں ڈالا جارہا ہے۔ معیشت خستہ حال ہے،لوگوں کو نوکری سے نکالا جارہا ہے۔ ممبئی میں پنجاب اور مہاراشٹر کوآپریٹو بینک(پی ایم سی)سے وابستہ لوگ چیخ رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے پوچھا ،’’لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جےپی) حکومت کس کےلئے ریڈ کارپیٹ بچھاتے ہوئے 76000 کروڑ کے قرض معاف کررہی ہے؟کون لے گیا یہ پیسہ؟‘‘
پرینکا گاندھی نے آر ٹی آئی کے حوالےسے ایک نیوز چینل کی اس رپورٹ کو بھی پوسٹ کیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا(ایس بی آئی)نے 220 لوگوں پر بقایا 76000کروڑ روپے سے زیادہ کے قرض کو رائٹ آف (ٹھنڈے بستے میں ڈالنا)کردیا۔عام طور پر جس قرض کو بینک وصول نہیں کر پاتا اسے رائٹ آف کردیا جاتا ہے۔