ضلع بیدر سے

ہائی کورٹ کے ممتاز قانون داں وقارالدین سمیرایڈوکیٹ کرناٹک اسٹیٹ اردوورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے مشیر منتخب

بیدر: 27/ستمبر (وائی آر) گلبرگہ ہائی کورٹ بنچ میں پریکٹس کرنے والے نوجوان اور ممتاز قانون داں جناب وقارالدین سمیرایڈوکیٹ کو کرناٹک اسٹیٹ اُردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن بید رکے قانونی مشیر منتخب کیاگیا جس کی توثیق تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے ذمہ داران نے کردی ہے۔

اسی حوالے سے آج جمعہ کو مسیح الدین احمد قریشیہ میموریل ہال، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیدر کی معروف اسلامی شخصیت مولانا محمد ابرارخان انجینئر نے بتایاکہ انسان جب سے پیدا ہواہے اسکو قانون اور رہنماکی ضرورت رہی ہے۔پہلے رہنما جو پیغمبر ہیں وہ آدم علیہ السلام ہیں۔ پھر اس کے بعد اللہ نے کتابوں اور انبیاء کوبھیج کر انسانی قانون کی ضرورت کو پوراکیا۔ چونکہ انسان کو مسائل درپیش ہوتے ہیں اس لئے ان مسائل کے حل کے لئے اللہ نے بہترین قوانین انسانی بہبود اور اس کی بقا کے لئے عطاکئے۔

مولانا ابرارخان نے جناب وقارالدین سمیرایڈوکیٹ کے بارے میں بتایاکہ مسلم پرسنل لاء اور ملکی قانون سے نوجوان قانون داں وقارالدین سمیر کی واقفیت قابل ستائش ہے۔ اسی کے ساتھ یہ بات بھی کہنا ضروری ہے کہ انسان کاباخبر رہناضروری ہے اور باخبر شخص ہی کوقائد منتخب کیاجاتاہے یا ذمہ داری کے عہدے پر فائز کیاجاتا ہے۔اور ایسے ہی افراد سے مشور ہ کرنے کواسلام کی اہم کڑی قرار دیاگیاہے۔ چونکہ فیڈریشن کے ذمہ داران نے وقارالدین ایڈوکیٹ کو مشیر بنایا ہے میں فیڈریشن اور ایڈوکیٹ دونوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں اور کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ وہ ایک باخبر قانون داں ہیں۔

جناب وقار الدین سمیر ایڈوکیٹ نے اپنی بات مختصرطورپر رکھتے ہوئے کہاکہ اردو صحافیوں کی تنظیم کرناٹک اسٹیٹ اردوورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے مجھے اس قابل سمجھا کہ اپنی تنظیم کاقانونی مشیر بنادیا۔ جس کے لئے میں فیڈریشن کاممنون ہوں۔ میں حتی المقدور صحافیوں کے قانونی مسائل کے حل کی ہرممکن کوشش کروں گا۔ پروگرام کاآغاز جناب محمد عبدالصمد منجووالا نائب صدرکی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

ابتداء میں سید یداللہ حسینی صدر فیڈریشن نے وقارالدین سمیر ایڈوکیٹ کا تعارف کرایا۔محمدیوسف رحیم بیدری جنرل سکریٹری نے پروگرام کی نظامت کی جبکہ نوجوان صحافی محمد نجیب الدین (بگدل) نے اظہا رتشکر کیا۔ محمد نبی(بھالکی) تنظیمی سکریڑی،اور فوٹوگرافر محمد سلطان کے علاوہ دیگر افراد بھی اجلاس میں موجودتھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!