بابری مسجد مقدمہ، 18اکتوبر تک ہر حال میں سماعت پوری کریں، فیصلہ لکھنے میں ایک ماہ لگے گا: سپریم کورٹ
نئی دہلی،26ستمبر- سپریم کورٹ نے ایودھیا تنازعہ کی 32 ویں دن سماعت کے دوران جمعرات کو ایک بار پھر دہرایا کہ 18اکتوبر تک ہر حال میں سماعت پوری کرنی ہوگی۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس رنجن گوگوئی ،جسٹس ایس اے بوبڑے،جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ،جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایس عبدالنظیر کی آئینی بینچ نے کہا کہ وہ چاہتی ہے کہ 18اکتوبر تک ہر حال میں سماعت پوری ہو۔
جسٹس گوگوئی نے سبھی فریقوں سے اپیل کی کہ وہ طے مدت میں اپنی دلیلیں پوری کرلیں، کیونکہ انہیں فیصلہ لکھنے میں بھی کم از کم ایک ماہ چاہئے۔ انہوں نے کہا،’’ہمیں فیصلہ لکھنے میں چار ہفتے لگیں گے، اس لئے طے مدت کو بڑھایا نہیں جاسکتا۔ اگر ہم ایسا کرپائے تو یہ معجزہ سے کم نہیں ہوگا۔‘‘
واضح رہے کہ چیف جسٹس 17نومبر کو ریٹائر ہورہے ہیں۔