ضلع بیدر سے

علاقہ حیدرآباد کرناٹک: اردو اخبارات کے صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈ جاری کرنے کا مطالبہ

بیدر: 24/ستمبر (وائی آر) کرناٹک اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (کاوجف KSUWJF) بیدرنے علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد سے آنے والے اردو اخبارات کے صحافیوں کو اکریڈیشن کارڈ جاری کرنے محکمہ اطلاعات وتعلقات عامہ حکومت کرناٹک کو ہدایت دینے کے لئے پریس کونسل آف انڈیا کے سکریڑی کو یادداشت روانہ کی ہے۔

17/ستمبر کے 13ویں اجلاس میں کرناٹک اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (کاوجف KSUWJF) بیدرکے عہدیداران اور اراکین نے فیصلہ کیاتھاکہ اکریڈیشن کارڈ کے لئے پریس کونسل آف انڈیا کو مکتوب روانہ کیاجائے اسی فیصلے کے تحت”کاوجف“ بیدرکے صدر سیدیداللہ حسینی نے آج 24/ستمبر کو یادداشت روانہ کی ہے۔

جس میں کہاگیاہے کہ علاقہ حیدرآبادکرناٹک (نیانام کلیان کرناٹک) میں بیدر، گلبرگہ، رائچور، یادگیر، کپل اور بلاری 6/اضلاع شامل ہیں، یہ ایک ایسا علاقہ ہے جو1948سے پہلے نظام اسٹیٹ حیدرآباد کا حصہ تھا۔ یہ علاقہ اب ریاست کرناٹک میں شامل ہے جس کو علاقہ حیدرآباد کرناٹک کہاجاتاہے۔ اس علاقے میں تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد سے بہت سے اردو اخبارات گذشتہ کئی دہائیوں سے آتے ہیں جن میں ایک ضلع بیدربھی شامل ہے۔

ان اخبارات میں چونکہ بیدرضلع کی خبریں شائع ہوتی ہیں اسلئے یہ اردو اخبارات ضلع کے مختلف تعلقہ جات اور دیہاتوں میں فروخت ہوتے ہیں۔جس کی بدولت بیدر ضلع کی جملہ آبادی میں سے 40فیصد افراد اردو اخبارات کے ذریعہ ہی مختلف مسائل، حکومتی اسکیمات،نئے قوانین اور ان کانفاذ اور مفادعامہ کی چیزوں سے واقف ہوتے ہیں۔ سکریڑی پریس کونسل آف انڈیا پر زور دے کر کہا گیاہے کہ ریاست کرناٹک کی سرکاری زبان چونکہ کنڑا ہے۔ اسلئے کنڑا کے صحافیوں کو کرناٹک کی ریاستی حکومت اکریڈیشن کارڈ جاری کردیتی ہے۔

علاقہ حیدرآباد کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ارد وصحافی بھی خبروں کے لئے اتنی ہی محنت کرتے ہیں جتنا کہ کنڑا اخبارات اور چینل کرتے ہیں بلکہ اردو قارئین کی دلچسپی کے پیش نظر اردو صحافیوں کوعلیحدہ سے بھی محنت کرنی پڑتی ہے۔

یہاں بیدر میں گذشتہ 15-20سال سے لگارتار خدمت انجام دینے والے اردو صحافیوں کواکریڈیشن کارڈ میسر نہیں ہے اور نہ ہی دیگر سہولتیں دستیاب ہیں۔ لہٰذاپریس کونسل آف انڈیا سے کرناٹک اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (کاوجف KSUWJF)بیدر کی اپیل ہے کہ وہ حکومت کرناٹک کے Dept of Information and Public Realtions کو ہدایت دیں کہ تلنگانہ سے جو اردواخبارات علاقہ حیدرآبادکرناٹک آتے ہیں ان اردو اخبارات کے صحافیوں کو فوری طورپر اکریڈیشن کارڈ جاری کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!