پیاز کی قیمتوں میں ہوا اضافہ عارضی ہے اور اس پر جلدہی قابو پالیا جائے گا: پاسوان
نئی دہلی: 17/ ستمبر- مرکزی وزیر برائے خوراک اور امور صارفین رام ولاس پاسوان نے آج کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں حالیہ ہوا اضافہ عارضی ہے اور اس پر جلدہی قابو پالیا جائے گامسٹر پاسوان نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں آلو، پیاز اور ٹماٹر کی پیداوار مانگ کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے ۔
برسوں کا ایسا تجربہ رہا ہے کہ ستمبر سے نومبر کے دوران کچھ ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ واضح ر ہے کہ قومی دارالحکومت میں کچھ مقامات پر پیاز کی قیمت 60 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں جہاں سیلاب نہیں آتاتھا وہاں اس مرتبہ سیلاب آیاہے جس سے بھاری تباہی ہوئی ہے ۔ آمدورفت کے ذرائع مسدود ہو گئے ہیں جس سے پیا ز بھی متاثر ہو ا ہے ۔
مسٹر پاسوان نے کہا کہ بفر اسٹاک میں 45000 ٹن پیاز ہے جسے قومی دارالحکومت میں مدر ڈیری کے پھل اور سبزیوں مراکز کے ذریعے لوگوں کو مہیا کرایا جا رہا ہے ۔ حکومت نے ایم ایم ٹی سی کے ذریعے دو ہزار ٹن پیاز کی درآمد کا بھی فیصلہ کیا ہے۔