ایک ایساچالان جس نے تمام ریکارڈ توڑ دیے، ٹرک مالک پر 6لاکھ 53ہزار100 روپے کا جُرمانہ
ملک میں یکم ستمبر 2019 سے لاگو نئے موٹر وہیکل ایکٹ کے بعد سے جرمانہ کی رقم سن کر لوگ پریشان اور خوفزدہ ہیں۔ اس نئے ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا رہا ہے۔ اب جو خبر اڈیشہ سے آئی ہے اس نے تو سب کو چونکا دیا ہے۔ اڈیشہ کے سمبل پور میں ٹریفک ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے پر ٹرک مالک کا 6,53,100 روپے کا چالان کاٹا گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے سات ضابطوں کی خلاف ورزی کرنے کے لئے ٹرک مالک کو چالان کی رسید سونپ دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرک کے مالک شیلیش شنکر لال گپتا گزشتہ 5 سال سے ٹیکس نہیں بھر رہے تھے، ساتھ ہی مسلسل ٹریفک کے بہت سے ضابطوں کی خلاف ورزی بھی کیے جا رہے تھے، محکمہ ٹرانسپورٹ نے جنرل آفنس، ہوا، صوتی آلودگی کی خلاف ورزی اور انشورنس سمیت کئی ٹریفک ضابطوں کی خلاف ورزی کے تحت مجموعی طور پر 6 لاکھ 53 ہزار 100 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل دہلی کے بھگوان رام نامی شخص کا 1.41لاکھ روپے کا چالان کاٹا گیا تھا، جو انہوں نے دہلی کے روہنی کورٹ میں بھر بھی دیا تھا، اس چالان کے بھرنے کے بعد وہ ملک کے پہلے ایسے ٹرانسپورٹر ہو گئے تھے جنہوں نے سب سے مہنگا چالان بھرا تھا لیکن اڈیشہ کے ایک ٹرک مالک نے اس ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے۔ دہلی کے چالان سے قبل سب سے مہنگا چالان 86 ہزار روپے کا بھرا گیا تھا اور یہ چالان دہلی کے ایک ٹرک کا اوور لوڈنگ کے جرم میں ہریانہ میں کیا گیا تھا۔
واضح رہے جیسے جیسے نئے اور بھاری جرمانے کی خبر عام ہوتی جا رہی ہے ویسے ویسے اچھی سڑکوں کا مطالبہ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ عوام اب یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جن سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹیں ٹھیک نہیں ہیں وہاں فوراً ٹھیک کرایا جائے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑکیں اچھی ہوں تو انہیں جرمانہ کی بڑھی رقم ادا کرنے میں اعتراض نہیں ہے اس لئے حکومت نے جہاں جرمانہ کی رقم بڑھائی ہے وہیں وہ اس بات کو بھی یقینی بنائے کہ اب سڑکیں بھی اچھی ہوں۔