گلبرگہ: بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کرناٹک کےآرگنائزرس کے لیے ایک روزہ تربیتی کیمپ
بیدر: 8/ستمبر (اے این) آج کا ایجوکیشن سسٹم صرف پچاس سال کے لیے ہے، ہم عملی زندگی میں اپنی اولاد کو فنائی زندگی کے لیے زیادہ سے زیاد تیار کر رہے ہیں، لیکن ہماری تعلیم کا مقصد جنتی بنانا ہے جو ہمیشہ کے لیے کامیابی ہے، جس کے مقابلہ میں دنیاوی زندگی چند لمحات کے مانند ہے۔ ان خیالات کااظہار جناب سید تنویر احمد، وائس چیرمین بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کرناٹک نے ہدایت سنٹر سنگ تراش واڑی گلبرگہ میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کی جانب سے آرگنائزرس کے لیے ایک روزہ تربیتی کیمپ منعقد کیمپ کو مخاطب کرتے ہوئےکیا۔
انہوں نے مزید یہ کہا کہ نبی ﷺ مربی تھے، اس لیے اساتذہ مربی کا فریضہ انجام دیں۔اسلام دوئی تعلیم کا قائل نہیں ہے،دینی اور دنیوی تعلیم کی اصطلاح کا آغاز سترہویں صدی سے ہوا۔
جناب ریاض احمد صاحب سکریٹری بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن نے بورڈ کے امتحانات کے انتظامات اور سافٹ ویر کا تعارف اور اس کے استعمال پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے عملی طریقہ بھی پیش کیا۔ حافظ محمد اسلم صاحب سکریٹری حلقہ نے بورڈ کے نظم پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر شرکاء کو تبادلہ خیال کا بھر پورموقع دیا گیا، جناب ذاکر حسین، ناظم علاقہ گلبرگہ کی تذکیر بالقرآن کے ذریعہ جلسہ کا آغاز ہوا۔
بیدر، گلبرگہ، رائچور، بیجا پور، بسوا کلیان، اودگیر اور دیگر اضلاع کے آرگنائزر س نے شرکت کی۔ تمام شرکاء کے لیے ناشتہ اور ظہرانہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ محمد تاج الدین نے جلسہ کی نظامت کا فریضہ انجام دیا۔ ریاض احمد صاحب نے کلمات تشکر ادا کیا اورجناب سید تنویر احمد صاحب کے اختتامی کلمات پر جلسہ اپنے اختتام کو پہنچا۔