ڈپٹی کمشنردفترکوقدیم سرکاری اسپتال منتقل نہ کیا جائے: ایم ایل سی اروندارلی
بیدر: 4/ستمبر (وائی آر) رکن قانون ساز کونسل اروندکمارارلی نے ڈُپٹی کمشنر بیدرکو3/ستمبر منگل کو ایک مکتوب تحریر کرکے مطالبہ کیاہے کہ قدیم شہر میں واقع سرکاری اسپتال میں ڈپٹی کمشنر دفتر کوعارضی طورپر منتقل نہ کیاجائے۔ تفصیلات کے بموجب ایم ایل سی اروندکمارارلی نے ڈپٹی کمشنر کو دئے گئے اپنے مکتوب 2019-20/170میں بتایاہے کہ قدیم شہر میں عوام کے لئے سرکاری اسپتال کی شدید ضرورت ہے۔
قدیم مقام پر نئے سرے سے تعمیرکئے گئے سرکاری اسپتال سے عوام کو کافی آسانیاں رہیں گی۔ اسی خاطر 100بستروں کا یہ اسپتال تعمیر کیاگیاہے۔ لیکن 15/اگست کو ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے دفتر کو قدیم سرکاری اسپتال منتقل کریں گے۔یہ اعلان اخبارات میں شائع ہوا ہے۔اگر ڈپٹی کمشنر دفتر قدیم سرکاری دواخانہ منتقل کیاجاتاہے تو اس سے عوام کو مشکلات پیش آئیں گی۔ نوتعمیر شدہ قدیم اسپتال کافوری آغاز کرنے کے بجائے اس مقام پر ڈپٹی کمشنر دفتر کو عارضی طورپر منتقل کرناکہاں تک درست ہے؟۔
کئی سال بعد قدیم شہر کے علاقہ کی عوام کے لئے ایک نیا اسپتال تعمیر کیاگیا ہے اسلئے اس مقام پر ڈپٹی کمشنر دفتر کی منتقلی درست نہیں ہے۔ ایم ایل سی اروندکمارارلی نے زور دے کر کہاہے کہ قلب شہر میں ڈپٹی کمشنر دفتر ہونا چاہیے۔ یہ کہیں اور منتقل نہ ہو۔ اسی طرح قدیم شہر میں 100بستروں والے نئے سرکاری اسپتال کا فوری آغاز عمل میں لایاجائے۔ جس سے عوام کو سہولت ہوگی۔
لہٰذا ڈپٹی کمشنر دفتر کے لئے دوسرامقام منتخب کیاجائے۔ انھوں نے اپنی بات کو موثر بنانے کے لئے مووٴمنٹ آف جسٹس کے 27اگست اور بیدرسینئر سٹیزن کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو28اگست کو دئے گئے دو یادداشتوں کا بھی حوالہ دیاہے۔