بابری مسجد معاملہ کے مدعی اقبال انصاری نے بین الاقوامی شوٹر وارتکا سنگھ پر جان لیوا حملہ کرنے کا لگایاالزام
ایودھیا: بابری مسجد معاملہ کے مدعی اقبال انصاری نے بین الاقوامی شوٹر وارتکا سنگھ پر جان لیوا حملہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پولس نے شوٹر کو اپنی حراست میں لے لیا ہے۔
اقبال انصاری نے منگل کو بتایا کہ ’’میری رہائش گاہ پر ایک خاتون اور مرد آئے اور رام جنم بھومی بابری مسجد ملکیت کےمعاملے میں اپنا مقدمہ واپس لینے کا دباؤ بنانے لگے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جو مقدمہ چل رہا ہے اس کو واپس لے لو ہم بین الاقوامی شوٹر وارتکا سنگھ ہیں۔ اس درمیان خاتون نے ان سے ہاتھا پائی کرنے کی کوشش کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اس درمیان معاملہ زیادہ بڑھنے پر انصاری کے سیکورٹی اہلکار نے مداخلت کرتے ہوئے اس کی اطلاع رام جنم بھومی تھانے کو دی۔ موقع پر پہنچی پولس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔ اقبال انصاری نے کہا ’’مجھ پر جان کا خطرہ بنا ہوا ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو اس کی ذمہ داری ضلع انتظامیہ کی ہوگی۔ سپریم کورٹ میں بابری مسجد-رام جنم بھومی معاملہ کی یومیہ سماعت چل رہی ہے۔ عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم اس کو ماننے کے لئے تیار ہیں۔‘‘
ایس پی (شہر) وجے پال سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ بابری مسجد کے مدعی اقبال انصاری کی رہائش گاہ پر ایک خاتون اور مرد پہنچے تھے۔ کچھ گرما گرم بات چیت ہو رہی تھی کہ کسی نے ڈائل 100 پر اس کی اطلاع دی۔ پولس نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو وہاں سے دفع کر دیا۔ پولس کے مطابق یہ لوگ ایودھیا میں مشہور ہنومان گڑھی مندر، اور رام للا کے درشن کے لئے آئے تھے۔ پورے معاملے کی جانچ کرائی جا رہی ہے۔