اتر پردیش میں یوم آزادی پر رہا ہوں گے 73 قیدی
لکھنؤ: اتر پردیش کی حکومت نے 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر 15 اگست کو 73 قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر 73 ویں یوم آزادی پر 15 اگست کو ریاست کی جیلوں میں قید 73 قیدیوں کو رہا کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریاست کی جیلوں میں قید ایسے قیدی جو عدالت کی طرف سے دی گئی سزا پوری کر چکے ہیں، لیکن جرمانہ نہ جمع کر پانے کی وجہ سے رہا نہیں ہو پا رہے تھے، ان کو وزیر اعلی کی ہدایت پر شناخت کر کے ان کی رہائی کی کوشش کی گئی ہے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری، داخلہ اور جیل اونیش کمار اوستھی کی طرف سے اس سلسلے میں پولس ڈائریکٹر جنرل، آئی جی، جیل انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔
15 اگست کو رہا کیے جانے والے قیدی میرٹھ، کانپور شہر، مرادآباد، علی گڑھ، بریلی، ہمیر پور، چترکوٹ، سلطان پور، مرزاپور، وارانسی، متھرا، ایودھیا، آگرہ، اناؤ، ہردوئی، فتح گڑھ، لکھنؤ، قنوج، سیتاپور، گونڈا، سون بھدر، جھانسی، غازی آباد اور رائے بریلی اضلاع کی جیلوں میں قید ہیں۔