ٹیپو سلطان ؒ کے نظریات کو سنگھی پاگل مٹا نہیں سکتے: ایس ڈی پی آئی
بنگلورو: ۔(پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) نے کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپانے پچھلی حکومتوں کی طرف سے منائی جانے والی ٹیپو جینتی تقریب نہ منانے کا فیصلہ کرنے اور اس سلسلے میں سرکاری احکامات جاری کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔ اس ضمن میں ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر الیا س محمد تمبے نے اپنے اخباری اعلامیہ میں کہا ہے کہ وزیر اعلی یدی یورپا کا یہ فیصلہ نفرت کی سیاست پر مبنی اور احمقانہ فیصلہ ہے۔ ٹیپو سلطان ؒ صرف ہماری ریاست کا نہیں بلکہ پورے ملک کا فخر ہے کیونکہ انہوں نے اپنی بہادری، جرات اور ترقی پسند انتظامیہ کیلئے عالمی سطح پر اعلی درجہ حاصل کیا تھا۔
ہندوستانی تاریخ میں ٹیپو سلطان کے علاوہ کوئی دوسرا بادشاہ نہیں تھا جس نے ٹیکنالوجی،آبپاشی،زراعت، کنڑا ادب،معاشرتی اصلاحات، مساوات وغیرہ جیسے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔سنگھ پریوار ٹیپو سلطان کے بارے میں اس لئے جھوٹا پروپگینڈ ا کررہا ہے کیونکہ اس طرح کی شہرت ایک مسلمان بادشاہ کی طرف منسوب ہے۔ سنگھ پریوار ہندوستانی تاریخ کے مسلم ابواب کو مسخ کرنے اور ہندوستانیوں میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سر توڑ کوشش کررہا ہے۔ اس ملک کے باشعور لوگ اس سازش سے بخوبی واقف ہیں۔
اسی نفرت کے ایک حصے کے طور پر کرناٹک حکومت نے اب ٹیپو جینتی منانے کے فیصلے کو منسوخ کردیا ہے۔ ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر الیاس محمد تمبے نے مزید کہا ہے کہ ٹیپو سلطان کننڈا کلی، ندا پریمی اور میسوروہلی کے نام سے جانے جاتے تھے۔ کرناٹک بی جے پی حکومت کے ذریعہ ٹیپو سلطان کے خلاف غلط پروپگینڈہ یا انہیں بدنام کرنے کی کوشش کو ایس ڈی پی آئی کھبی بھی برداشت نہیں کرے گی۔ ایس ڈی پی آئی اس سلسلے میں عوامی تحریک کے ساتھ ساتھ قانونی جدوجہد کرے گی۔
سنگھ پریوار کی تنگ نظری اور فرقہ وارانہ سازشیں ٹیپو سلطان ؒ کے نظریات، دانش مندی،حب الوطنی،مساوات، وسیع النظری کو مٹانے میں کھبی کامیاب نہیں ہونگی۔ الیاس محمد تمبے نے مزید کہا ہے کہ ریاست کو دانشوران کو چاہئے کہ وہ ریاستی حکومت کو نظر انداز کرتے ہوئے ٹیپو اکاڈمی اور ٹیپو یونیورسٹی کے قیام کیلئے متحد و متحرک ہوجائیں۔ انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹیپو سلطان ؒ کے نظریات، ترقی پسندی، دانش مندی اور سیکولر افکار کو مقبول کرنے کیلئے مستقل جدوجہد کریں۔