گورنر کے دوسرے ’لَو لیٹر‘ نے مجھے مایوس کردیا: وزیر اعلیٰ کماراسوامی
وزیر اعلیٰ کماراسوامی نے گورنر کے ذریعہ دیے گئے دوسرے ڈیڈ لائن پر اسمبلی میں اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گورنر کی میں عزت کرتا ہوں۔ لیکن گورنر کے دوسرے پریم پتر نے مجھے مایوس کیا ہے۔ انھیں صرف دس دن پہلے ہارس ٹریڈنگ کے بارے میں پتہ چلا۔‘‘ کماراسوامی نے بی ایس یدی یورپا کے پی اے سنتوش اور آزاد امیدوار ناگیش کی تصویر دکھاتے ہوئے یہ بات کہی۔ تصویر میں ناگیش اور سنتوش ایک طیارہ میں چڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گورنر نے وزیر اعلیٰ کماراسوامی کو اکثریت ثابت کرنے کے لیے دوسری ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ گورنر نے وزیر اعلیٰ سے کہا ہے کہ وہ شام 6 بجے تک ایوان میں اکثریت ثابت کریں۔
کانگریس اور جے ڈی ایس اراکین اسمبلی نے ’گو بیک گورنر‘ کا لگایا نعرہ
اسمبلی میں تحریک اعتماد پر بحث کے دوران دنیش گنڈو نے بی جے پی پر گورنر کے ذریعہ دباؤ بنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی حکومت گرانے کے لیے بہت جلدبازی میں نظر آ رہی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’بی جے پی ہمارے اختیارات کو چھیننا چاہتی ہے۔‘‘ اس درمیان اسمبلی میں کانگریس اور جے ڈی ایس اراکین اسمبلی نے ’گو بیک گورنر‘ کا نعرہ بھی بلند کیا۔
بی جے پی اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت میں مصروف: کرشن بی. گوڑا
اسمبلی میں تحریک اعتماد کی بحث کے دوران کانگریس-جے ڈی ایس حکومت میں وزیر کرشن بی. گوڑا نے کہا کہ بی جے پی ’ہارس ٹریڈنگ‘ (خرید و فروخت) کے عمل میں مصروف ہے اور وہ سیاست کو گندہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اقتدار کے لالچ میں بی جے پی آئین کو برباد کر رہی ہے۔ ایک دیگر وزیر سا را مہیش نے بتایا کہ جے ڈی ایس کے سابق ریاستی صدر ایچ وشوناتھ کو بی جے پی نے 26 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔