علاقہ کلیان کرناٹککرناٹک کے اضلاع سے

تعلیمی کفالت کی انسانی زنجیر سے تعلیمی مسائل حل ہوسکتے ہیں:ڈاکٹر انجم شکیل احمد

یاران ادب کی جانب سے طلبہ وطالبات میں تحائف کی تقسیم

بیدر: 17/جولائی (وائی آر) تمام طلبہ بڑے ہوکر اس وقت کے طلبہ کی تعلیمی کفالت کے لئے اگر اٹھ کھڑے ہوتے ہیں تو یہ انسانی زنجیر انسانوں کے تعلیمی مسائل کو حل کرنے میں اہم رول اداکرے گی۔ یہ بات مدینہ منورہ سے تشریف لائے ڈاکٹر انجم شکیل احمد نے کہی۔ وہ آج الامین کیمپس کے عبدالمجید خان الامین میموریل ہال بیدر میں یاران ادب کی جانب سے تہنیت قبول کرنے کے بعد طلبہ وطالبات سے خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے مزید بتایاکہ تعلیم یافتہ شخص اور تعلیم یافتہ معاشرے پر کوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔ لہٰذا ہمیں اور ہمارے معاشرے کو تعلیم یافتہ بنناہے۔ ہم اپنے آپ کو اسلام کاوہ آئینہ بناکرپیش کریں جس کی طرف لوگ رغبت حاصل کریں او راسلام کی طرف چلے آئیں۔اس کے لئے اپنے آپ میں اخلاقی تبدیلیاں لائیں۔ مسلم ماں، مسلم بہن، مسلم ڈاکٹر، مسلم لیکچرر غرض ہرحوالے سے اپنی مسلم شناخت کو حرزجاں بنائیں۔

انجینئر مبشر سندھے خازن الامین شہری ادارہ بیدر نے اپنے خطاب میں کہاکہ امت مسلمہ اور معاشرے کو آپ طلبہ وطالبات کی ضرورت ہے آج تعلیم حاصل کرنے کامقصد پیسہ کمانا ہوگیا ہے، ایک اچھی زندگی گزارنا اور اس سے حظ حاصل کرنا ہے۔ جبکہ ہم تعلیم اس لئے دے رہے ہیں تاکہ کمزور افرادکو اوپر اٹھایاجاسکے۔ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجس کو قبول کرکے ملت کو نمبرون پوزیشن پر لاسکیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی 23سالہ نبوت کی زندگی میں ہم تیز رفتار تبدیلیاں دیکھتے ہیں۔ یہاں تک کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو اپناملک چھوڑنا پڑتاہے۔ ایسی زندگی گزارنے کی ہمت کی جائے۔ اگر الامین کے طلبہ اخلاق، ہنر اور خدمت کے معاملے میں آگے رہیں تو کوئی بھی انقلاب کو روک نہیں سکتا۔

جناب محمدکمال الدین شمیم نے ڈاکٹر انجم شکیل احمد کی تعلیم اور ان کی سماجی خدمات کی سرگرمیوں پرتفصیل سے روشنی ڈالی۔ اور بتایاکہ کئی ایک طلبہ آج ڈاکٹر انجم شکیل احمد کے حسن ِ تعاون کی بدولت برسرروزگار ہوکر اپنے اپنے گھروں کو سنبھالے ہوئے ہیں۔

اس موقع پر یاران ادب کی جانب سے طلبہ وطالبات میں بیاگ اور نوٹ بکس کے تحفہ پیش کئے گئے۔ جس کو طلبہ وطالبات نے خوشی خوشی حاصل کیا۔ محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی یاران ادب بیدر نے ڈاکٹر انجم شکیل احمد اورالامین ادارہ جا ت کے ذمہ داران سے اظہار تشکر کیا۔شہ نشین پر مذکورہ افراد کے علاوہ سینئر صحافی سید یداللہ حسینی، پروفیسر مقبول احمد پرنسپل الامین ڈگری کالج، اور استاد جناب محمد مکرم موجودتھے۔
صدرمعلمہ سعیدہ میم بھی پروگرام میں شریک رہیں۔ ڈاکٹر انجم شکیل احمد نے آخر میں طلبہ کو اپنی نعت سنائی، طلبہ نے کافی ذوق وشوق سے نعت سنی اور ڈاکٹر انجم شکیل احمد کے شعری مجموعہ ”سلگتی دھوپ، اترتی چھاوں“کو کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے ایوارڈ ملنے پرطلبہ اور یاران ادب نے گلپوشی اور شالپوشی کے ذریعہ مبارکباد پیش کی۔ جناب محمدکمال الدین شمیم کی دعاپر تقریب اختتام کوپہنچی۔

One thought on “تعلیمی کفالت کی انسانی زنجیر سے تعلیمی مسائل حل ہوسکتے ہیں:ڈاکٹر انجم شکیل احمد

  • محمد یوسف رحیم بیدری

    بہت خوب

    Reply

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!