آئندہ 5 سال میں کام میں تیزی اور معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا: مرکزی وزیرمالیات سیتا رمن
مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتا رمن نے اپنی بجٹ تقریر کے دوران آئندہ 5 سال میں کام میں تیزی لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ لال فیتہ شاہی کو کم کیا جائے گا اور سرکاری عمل کو آسان بنایا جائے گا تاکہ کام تیزی سے آگے بڑھے۔ سیتارمن نے مزید کہا کہ موجودہ وقت میں ہندوستان دنیا کی چھٹی سب سے بڑی معیشت ہے اور 5 سال میں ہندوستان کی معیشت 2.7 ٹریلین ڈالر کی ہو گئی ہے۔
ہندوستانی معیشت کو مزید مضبوط کرنے کے لیے نرملا سیتارمن نے بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر پر دھیان دیے جانے کی بات کہی، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’بزنس کاریڈور‘ کی وجہ سے ہندوستانی عوام کو فائدہ حاصل ہوا ہے۔ آبی راستہ سے تجارت کے سہل ہونے کی بات بھی مرکزی وزیر مالیات نے کہی۔
اب 5 لاکھ تک کی آمدنی پر لوگوں کو نہیں ادا کرنا ہوگا انکم ٹیکس
مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے 5 لاکھ تک کی آمدنی والے لوگوں کو انکم ٹیکس سے چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے 2.5 لاکھ آمدنی تک انکم ٹیکس چھوٹ دی جاتی تھی۔ 2.5 لاکھ سے 5 لاکھ تک کی آمدنی والوں کو 5 فیصد اور 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے آمدنی والوں کو 20 فیصد انکم ٹیکس دینا ہوتا تھا۔
نرملا سیتا رمن نے ساتھ ہی 45 لاکھ روپے تک کے گھر کی خرید پر 1.5 لاکھ کی چھوٹ دینے اور 45 لاکھ روپے تک کا گھر قرض پر خریدے جانے پر قرض کی چھوٹ 3.5 لاکھ دینے کا بھی اعلان کیا۔
’اَن داتا‘ یعنی کسانوں کو ’اورجا داتا‘ یعنی بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بنایا جائے گا
نرملا سیتا رمن نے ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کے تحت پانچ سال میں ڈیڑھ کروڑ گھر تعمیر ہونے کی بات کہی اور اعلان کیا کہ آئندہ دو سال میں 1.95 کروڑ نئے گھر بنائے جانے کا منصوبہ ہے۔ انھوں نے ’پردھان منتری سڑک یوجنا‘ کے تحت گرین ٹیکنالوجی کے استعمال کی بات کہی تاکہ ماحولیات پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر مالیات نے ایک لاکھ کلو میٹر سڑکوں کو بہتر بنائے جانے کی بات کہی۔ بجلی اور گیس کے تعلق سے بات کرتے ہوئے نرملا سیتارمن نے کہا کہ 2022 تک ہر فیملی کو بجلی اور گیس دستیاب کرایا جائے گا اور ’اَن داتا‘ یعنی کسانوں کو ’اورجا داتا‘ یعنی بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ بنایا جائے گا اور اس کے لیے کئی طرح کے منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔
بیرون ممالک طلبا کے لیے ’اسٹڈی ان انڈیا‘ منصوبہ شروع کیے جانے کی تجویز
نرملا سیتارمن نے ملک میں نئی پالیسی کو متعارف کیے جانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہندوستان کو اعلیٰ تعلیم کا مرکز بنایا جائے گا۔ انھوں نے ’اسٹڈی اِن انڈیا‘ منصوبہ شروع کیے جانے کی تجویز بھی پیش کی جس کے تحت ہندوستان میں بیرون ممالک کے طلبا کو سہولتیں مہیا کرائی جائیں گی۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو مرکزی حکومت کے ذریعہ 400 کروڑ روپے کی مدد دیے جانے کی بات بھی مرکزی وزیر مالیات نے کی۔ ایک کروڑ طلبا کے لیے ’اسکل یوجنا‘ لائے جانے اور اسٹارٹ اَپ کے لیے ٹی وی چینل بھی مرکزی حکومت کھولے گی۔ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے نرملا سیتارمن نے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ پر زور دیا اور تعلیم میں آن لائن کورس بڑھانے کی طرف زیادہ توجہ دیے جانے کی بات کہی۔