افغانستان: دارالحکومت کابل میں زبردست بم دھماکہ، 34 افراد ہلاک 68 زخمی
کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پیر کو ایک زبردست دھماکہ میں کم سے کم 34 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہو گئے۔مقامی ٹولو ٹی وی نے یہ اطلاع دی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پل محمد خان علاقہ میں ایک کار بم دھماکہ ہوا اور اس کے بعد وہاں گولیاں چلنے کی آوازیں آنے لگیں ۔اس علاقہ میں کئی سفارتی اور سکیورٹی ادارے ہیں ۔یہاں سے صرف ایک کلومیٹر کی دوری پر صدرکی رہائش گاہ ہے ۔
وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایاکہ مجموعی طورپر دوحملے کیے گئے اور انکا نشانہ وزارت دفاع کے کئی ادارے تھے ۔ اس دھماکے میں ‘شمشاد ٹی وی’ کے کم از کم تین صحافیوں اور افغانستان فٹ بال فیڈریشن کے کئی ارکان اور کھلاڑی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری نہیں لی ہے۔