اگرامرناتھ یاترا پردہشت گردانہ حملہ ہوا تواجمیردرگاہ آنے والے زائرين بھی خود کو محفوظ نہ سمجھیں: راجپوت کرنی سینا کی دھمکی
اجمیر: ملک میں جاری موب لنچنگ کے سلسلہ کے درمیان ہندو شرپسندوں نے مسلمانوں میں دہشت پھیلانے کے مقصد سے اب درگاہ اجمیر شریف آنے والے زائرین پر حملہ کی دھمکی دی ہے۔ یہ دھمکی راجپوت کرنی سینا کی طرف سے دی گئی ہے۔ اس حوالہ سے ایک ویڈیو وائرل ہونے پر درگاہ اجمیر شریف کے ناظم نے پولس میں رپورٹ درج کرائی ہے۔
راجستھان کے اجمیر واقع صوفی سنت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ کا انتظام سنبھالنے والی درگاہ کمیٹی کے ناظم شکیل احمد نے راشٹریہ راجپوت کرنی سینا کے صدر سکھدیو سنگھ گوگامیڑی کے خلاف مقامی درگاہ تھانہ پولیس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔
درگاہ تھانہ انچارج ہیمراج نے بتایا کہ ناظم کی جانب سے اتوار کے روز ایک تحریری شکایت دی گئی جس میں کرنی سینا کے صدر کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے پایا گیا کہ امرناتھ یاترا شروع ہونے جا رہی ہے اس پر اگر دہشت گردانہ حملہ ہوا تو حج کے بعد اجمیر درگاہ آنے والے زائرين بھی خود کو محفوظ نہیں سمجھیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد درگاہ کے ناظم نے گوگامیڑی کے خلاف درگاہ پولس میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ ناظم کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ گوگامیڑی دو فرقوں کے درمیان تعصب پھیلانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کا کام کر رہے ہیں۔ درگاہ تھانہ انچارج ہیمراج نے بتایا کہ ناظم کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیق شروع کر دی گئی ہے۔