مظفرنگر: پولیس مڈبھیڑ میں سوا لاکھ کا انعامی بدمعاش ہلاک
مظفرنگر: 25 جون-اترپردیش میں مظفرنگر کے ميراں پور علاقے میں پیر کو دیر رات پولیس مڈبھیڑ میں سوا لاکھ روپے کا انعامی بدمعاش آدیش مارا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ سدھیر کمار نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی پولیس کی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ميراں پور تھانے کی پولیس کو پیر کی رات اطلاع ملی کہ بھورا خورد رہائشی اور سوا لاکھ روپے کا انعامی بدمعاش آدیش اپنے ساتھی کے ساتھ ميراں پور علاقے میں موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس اطلاع پر رات تقریباً 12 بجے سنبھل ہیڑا گنگ نہر پر قطب پور جھال کے قریب پولیس کی ٹیم نے موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں کو گھیر لیا۔انہوں نے بتایا کہ خود کو گھرا دیکھ کر بدمعاشوں نے پولیس پر گولی چلانی شروع کر دی۔ اس دوران پولیس نے بھی جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی جس میں سوا لاکھ روپے کا انعامی بدمعاش آدیش زخمی ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ زخمی بدمعاش کو لے کر پولیس جانسٹھ میں واقع سرکاری صحت مرکز لے کر پہنچی، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔