یو پی میں لگاتار ہو رہی ہے درندگی، لیکن حکومت کی آنکھیں بند: پرینکا گاندھی
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش میں معصوموں پر ہو رہی درندگی کی لگاتار آ رہی خبروں پر افسوس ظاہر کیا ہے۔ اس تعلق سے انھوں نے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش میں معصوموں پر درندگی کی جا رہی ہے۔ عورتوں کو خوف کے ماحول میں ڈھکیلا جا رہا ہے۔ آدمی کو زندہ جلا دیا جا رہا ہے۔ لیکن اقتدار کی راگ درباری آنکھیں کچھ نہیں دیکھ رہی ہیں۔ اتر پردیش حکومت عورتوں اور بچیوں کی حفاظت کی ذمہ داری کب لینا شروع کرے گی؟‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے اس ٹوئٹ میں اخباروں کی ان سرخیوں کا تراشہ بھی لگایا ہے جس میں معصوم بچوں اور خواتین پر ظلم کا تذکرہ ہے۔ اس کے ذریعہ انھوں نے اتر پردیش میں بڑھ رہے جرائم پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس پوسٹ کے ذریعہ پرینکا گاندھی نے ریاستی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اقتدار کی بھوکی بھارتیہ جنتا پارٹی اتر پردیش میں ہو رہی ظالمانہ وارداتوں پر آنکھیں موندے ہوئی ہے۔
پرینکا گاندھی نے اپنے پوسٹ میں اخبارات کی جن سرخیوں کا تراشہ لگایا ہے ان میں آگرہ میں بار کونسل کی صدر کا گولی مار کر قتل، علی گڑھ میں خاتون بی ڈی سی کو زندہ جلانے، گورکھپور میں سات سال کی بچی کے ساتھ زیادتی، رام پور میں شوہر کو درخت سے باندھ کر بیوی کے ساتھ اجتماعی آبروریزی اور بدایوں میں 15 دن تک تھانے کا چکر کاٹنے پر بھی درج نہیں کی عصمت دری کی رپورٹ جیسے کئی واقعات کا ذكر ہے۔