مصر کے سابق صدر محمد مرسی کی شہادت پر عالمی رہنماؤں کے تعزیتی بیانات
ہیومن رائٹس واچ نے صدر مرسی کی وفات کی ذمہداری حکومت مصر پر عائد کی ہے ، کیو ں کہ حکومت مصر انھیں دوران قید مناسب طبی سہولتیں فراہم کرنے اور قیدیوں کو فراہم کیے جانے والے بنیادی حقوق تک دینے میں ناکام رہی ہے۔
ہیومن رائٹس واچ تنظیم کے صدر نے کہا ہے کہ صدر مرسی کو مصر کے پہلے منتخب صدر کے طور پر یاد کیا جاتا رہے گا۔اس سے پہلے گزشتہ مئی کے مہینے میں مرحوم صدر مرسی نے اس جانب اشارہ کیا تھا کہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے۔ یہ بات مصری عدالت کے گوش گذار بھی کی گئی تھی، لیکن اس نے کوئی توجہ نہیں دی تھی۔
صدر ترکی رجب طیب اردوغان:
“ہمارا بھائی مرسی، ہم اللہ سے امید کرتے ہیں کہ وہ ہمارے شہید بھائی پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔ وہ ایک شہید کی حیثیت سے زندگی گزار گئے۔ اللہ سے دعا ہے کہ قیامت کے دن انھیں اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم اور ان تمام لوگوں کے ساتھ اٹھائے جو حبیب کے راستے پر چلے۔”
مولانا محمد عنایت اللہ اسد سبحانی
(اسلامی اسکالر) بھارت
صدر محمد مرسی کی زندگی بھی قابل رشک تھی، اور ان کی موت بھی قابل رشک ہے۔
جس طرح انہوں نے اپنی خدا پرستی اور بے نفسی،اپنی للہیت اور استقامت، اوراپنے صبرو عزیمت سے ہمارے حوصلوں کو بلند کیا،اور اس دنیا میں ہمیں جینے کا سلیقہ سکھایا،اسی طرح اپنی شہادت سے ہماری سوکھی رگوں میں عزم ویقین کی بجلیاں دوڑادیں،اور ہمیں اقامت دین کی جدو جہد کے لیے پر زور طریقے سے للکار دیا۔
اللہ نے چاہا تو صدر محمد مرسی کا یہ خون رنگ لائے گا،اور اس ملت میں ایک سے ایک مرسی پیدا ہوں گے،اور پیداہوتے رہیں گے۔
شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، امیر قطر:
“سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی اچانک وفات کی خبر انتہائی غم کے ساتھ موصول ہوئی۔ میں ان کے اہل خانہ اور مصر کے عوام کے دل کی گہرائیوں سے تعزیت پیش کرتا ہوں۔”
جوعان بن حمد، برادر امیر قطر: “ہم سابق صدر محمد مرسی کی وفات پر ان کے اہل خانہ، مصری اور عرب عوام کے ساتھ ان کے غم میں شریک ہیں۔وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ ‘اپنے شیروں کو قتل مت کرو ، ورنہ تمھارے دشمن کے کتے تمھیں کھا جائیں گے۔کیا شیر اسی طرح محبوس رہیں گے اور بھیڑیے شیر بن کر گھومتے رہیں گے۔میری اس بات کو تم لوگ یاد کروگے ۔ میں اپنا معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں، بلاشبہ اللہ تعالی اپنے بندوں پر نظر رکھے ہوئے ہے۔”
احمد داؤد اوغلو، سابق وزیر اعظم ترکی:
“میرا عزیز بھائی ، مصری عوام کا قانونی اور منتخب نمائندہ محمد مرسی غیر قانونی اور جمہوریت مخالف فوجی عدالت کے اندر اپنی قوم کی عزت کا دفاع کرتے ہوئے اللہ کی بارگاہ میں پہنچ گیا۔ یہ حادثہ پوری دنیا کے ماتھے پر کلنک ہے۔”
مولود چاووش اوغلو، وزیر خارجہ ترکی:
“امت محمد مرسی کو کبھی نہیں بھول سکے گی۔”
اسٹیفین دوگریک، جنرل سکیریٹری اقوام متحدہ کے ترجمان:
“صدر محمد مرسی جن کی آج وفات ہوگئی ہے، ان کے اہل خانہ اور محبین کے لیے تعزیت پیش کرتا ہوں۔”
عبدالالٰہ بنکیران، سابق صدر مراکش:
‘‘مجھ پر اس خبر کا بہت زیادہ غم انگیز اثر ہے۔ ہماری نگاہ میں وہ اللہ کے حضور شہید کی حیثیت سے حاضر ہوئے ہیں۔ ہم ان کے چھوٹے بڑے تمام اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔عدالتی کارروائی کے دوران جس طرح سے صدر محمد مرسی کی وفات ہوئی ہے، اس پر ہمیں سخت افسوس ہے۔ ہم اللہ کے فیصلے اور تقدیر پر ایمان رکھتے ہیں اور ہم سب کو پلٹ کر اللہ کی طرف ہی جانا ہے۔’’
خالد المِشری، صدر مجلس اعلی حکومت لیبیا:
‘‘کئی برسوس تک مسلسل بتدریج قتل کے عمل سے گزرنے کے بعد مصری صدر محمد مرسی نے موت کو گلے لگا لیا۔ بتدریج قتل کا یہ عمل ان کی قانونی حیثیت کے خلاف بغاوت سے ہو کر، قید تنہائی اور آخرکار بنیادی حقوق حتی کہ دواؤں سے بھی محروم کر دیے جانے تک چلا۔ اور آخرکار وہ دنیا کی عدالت سے نکل حاکم ارض و سماء کی عدالت میں پہنچ گئے۔’’
محمد عماری زاید علی، لیبیا کی قومی وفاقی حکومت کی مجلس اعلی کے صدر:
“داغ مفارقت دینے والی اس شخصیت نے صبر و ثبات اور اپنے اصولوں پر جمے رہنے کی ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ ان کی زندگی ان کو قید میں ڈالنے والوں سے طویل ہوگی۔پیر کے روزکمرۂ عدالت میں شہید مرسی کی وفات پر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کرتا ہوں، مصری قوم کے آزاد صفت عوام سے تعزیت کرتا ہوں اور مسلم ممالک میں انقلاب ِٓزادی کے متوالوں سے تعزیت کرتا ہوں۔”
شیخ کمال الخطیب، صدر الحرکۃ الاسلامیہ، فلسطین:
“محمد مرسی کی شہادت اور ان کی جدائی تاریخ اور ہر عرب و مسلم کے ذہن میں اور خاص طور سے مصری اور فلسطینی عوام کی یادداشتو ں میں ایک سنگ میل قائم کر دے گی۔شاید یہ پہلے عرب صدر تھے جو انتخابات کے ذریعے کامیاب ہو کر آئے تھے۔صدر مرسی کے جانے کا غم غزہ کو ستاتا رہے گا۔ غزہ کے بارے میں جو ان کا موقف تھا اسے کبھی بھلایا نہ جا سکے گا۔ اسی طرح بیت المقدس بھی اس کی یاد میں سوگوار رہے گا۔”
علامہ یوسف القرضاوی:
“صدر محمد مرسی نے صبر کرتے ہوئے اور اللہ کے ذات سے اجر و ثواب کی امید رکھتے ہوئے موت کو گلے لگایا۔ دوران قید ظالموں نے جو ظلم ان پر کیے سب کو برداشت کیا۔ اے اللہ انھیں شہید کی حیثیت سے اس طرح قبول کر کہ وہ تجھ سے خوش ہوں اور تو ان سے خوش ہو۔اور امت سے غم کی حالت کو دور کرنے میں جلدی فرما۔”
سید سعادت اللہ حسینی، امیر جماعت اسلامی ہند
“جمہوریۂ مصر کے قانونی صدر ، جنھیں بہ جبر اقتدار سے بے دخل کردیا گیا تھا ، ان کی اچانک وفات طبعی نہیں ، بلکہ یہ حراستی قتل ہے ، جس کا ارتکاب موجودہ غاصب مصری حکومت اور اس کے خود ساختہ صدر ڈکٹیٹر عبد الفتاح سیسی نے کیا ہے ۔ ان کی شہادت سے ان شاء اللہ پوری دنیا میں اسلامی کاز کو تقویت ملے گی ۔”
علی القرہ داغی، جنرل سکریٹری الاتحاد العالمی لعلماء المسلمین:
“اے اللہ جو روح تیری طرف پرواز کر گئی ہے اس پر رحم فرما۔ اس کے اور ہمارے درمیان دعا کے علاوہ کوئی رشتہ باقی نہیں رہا۔ اے اللہ اس کے درجات بلند فرما، عزت کا مقام عطا فرما، (میزانِ عمل میں) اس کا پلڑا بھاری فرما، اور اس کے اجر و ثواب کو دو چند فرما۔ اے اللہ اسے دنیا سے بہتر جائے قرار عطا فرما، دنیا میں جو اس کے ساتھ تھے، ان سے بہتر ساتھی عطا فرما اور اسے جنت الفردوس میں داخل فرما۔ اے اللہ جس نے اس پر ظلم کیا اس سے ظلم کا بدلہ لے لے۔”