بنگال میں صدرراج نافذکرنےپرمرکزی حکومت غورکرے: بی جے پی
نئی دہلی: 10جون، بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے مغربی بنگال میں پارٹی کے پانچ کارکنوں کے قتل کے بعد آج مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت ریاست کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی ٹیم بھیجے اور صدر راج نافذ کرنے کے سلسلے میں غور کرے۔
مغربی بنگال کے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کے بعد بی جے پی میں اس ریاست کے انچارج جنرل سکریٹری کیلاش وجیہ ورگیہ نے یہ اشارے دیئے۔
انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ نظریاتی طورپر ہم اس بات کے حامی ہیں کہ منتخب حکومت کو اپنی مدت کار مکمل کرنے دینا چاہئے۔ ریاست کے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن جس طرح سے وزیر اعلی ممتا بنرجی قسم کھاکر مخالفین کو مٹادینے کی بات کہہ رہی ہیں، خواہ لاقانونیت ہی پھیل جائے‘ ایسے میں ریاست میں صد ر راج نافذ کرنے کے بارے میں غو ر کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو مغربی بنگال کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی ٹیم بھیجنا چاہئے۔ وہاں کے حالات بے حد خراب ہوچکے ہیں۔ انتخابات گذر چکے ہیں لیکن سیاسی تشدد رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور وزیر اعلی نہایت قابل اعتراض اور اشتعال انگیز بیانات دے رہی ہیں۔