نامورمصنف اورتھیٹرآرٹسٹ: گریش كرناڈکاآج بنگلورمیں ہواانتقال
مشہور اداکار، ڈرامہ نگار اور گیان پيٹھ ایوارڈ سے سرفراز گریش كرناڈ کا آج صبح 81 سال کی عمر میں بنگلور میں انتقال ہو گیا، خبروں کے مطابق ان کے جسم کے کئی اعضاء نے کام کرنا بند کر دیا تھا، جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہو گیا، وہ کافی دنوں سے بیمار چل رہے تھے، ان کے انتقال سے فلم اور ادب کی دنیا میں غم کی لہر ہے۔
ان کی پیدائش 19 مئی 1938 کو مہاراشٹر کے ماتھیران میں ہوا تھا، ان کو بچپن سے ہی ڈرامے میں دلچسپی تھی، کرنارڈ ایک معاصر مصنف تھے جنہوں نے کنڑ زبان اور ہندوستانی تھیٹر کے میدان میں بہت اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے اپنی تعلیم تعلیم کرناٹک کے اترکنڑ اور دھارواڑ میں حاصل کی تھی ۔ انہوں نے اسکول کے وقت سے ہی تھیٹر میں کام کرنا شروع کر دیا تھا۔ گریش كرناڈ نے 1970 میں کنڑ فلم ’سنسکار‘ سے بطور اسکرپٹ رائٹر اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی۔
گریش كرناڈ نے کرناٹک کے آرٹ کالج سے گریجویشن کی تعلیم حاصل کی، اس کے بعد انہوں نے انگلینڈ میں آگے کی تعلیم مکمل کی اور پھر ہندوستان لوٹ آئے، چنئی میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس میں 7 سال تک انہوں کام کیا، اس دوران جب ان کا دل کام میں نہیں لگا تو انہوں نے نوکری سے استعفی دے دیا، اس کے بعد انہوں نے تھیٹر میں کام کرنے شروع کر دیا۔
گریش كرناڈ نے تھیٹر میں کچھ دنوں تک کام کرنے کے بعد شکاگو چلے گئے، انہوں نے امریکہ کے شکاگو یونیورسٹی میں وزیٹنگ پروفیسر کے طور پر بھی کام کیا۔ حالانکہ کچھ ہی دنوں بعد انہوں نے وہاں سے بھی کام چھوڑ دیا اور ہندوستان واپس لوٹ آئے، ہندوستان لوٹنے کے بعد وہ مکمل طور پر ادب اور فلموں سے جڑ گئے، اس دوران انہوں نے علاقائی زبانوں میں بہت فلمیں بنائیں۔
ان کے مشہور ڈراموں میں ییاتی، تغلق، ہے ودن، انجو مالگے، اگنی نمتومالے، اور ناگ منڈل وغیرہ شامل ہیں۔ ان کا ’تغلق‘ ڈرامہ کا انگریزی سمیت مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا گیا تھا۔انہوں نے آپ پرائے، کردار، دروازہ مالک، ایک تھا ٹائیگر اور ٹائیگر زندہ ہے جیسی فلموں میں انہوں نے کام کیا تھا۔
صدر رام ناتھ كووند، وزیراعظم نریندر مودی نے گریش کرنارڈ کے انتقال پرکیا اظہارِتعزیت
صدر رام ناتھ كووند ، وزیر اعظم نریندر مودی اور اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے گیان پيٹھ ایوارڈ سے معزز نامور مصنف اور تھیٹر آرٹسٹ گریش كرناڈ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر کووند نے ٹویٹ کیا، ’’مصنف، اداکار اور ہندوستانی تھیٹر کے مضبوط ستون گریش کرنارڈ کی موت کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہواہے۔
ان کے جا نے سے ہمارے ثقافتی دنیا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے.
وزیراعظم نریندر مودی نے مشہور مصنف اور تھیٹر آرٹسٹ گریش کرنارڈ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔مسٹر مودی نے آج ٹویٹ کیا، ’’گریش کرنارڈکو ان کے ہمہ جہت اداکاری کے لئے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اپنی پسند کے مسائل پر جوش و جذبے کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ان کے کام آنے والے برسوں میں بھی مقبول رہیں گے۔ میں اس کی وفات سے دکھی ہوں۔ خدا ان کی روح کو شانتی دے‘‘۔