مسلم راشٹریہ منچ کی عید ملن تقریب: ممبئی میں 10جون اوردہلی میں12جون کوہوگی
رانچی،9 جون۔ مسلم راشٹریہ منچ کی جانب سے عالمی عید ملن تقریب اس سال دہلی میں 12جون کو پارلیمنٹ انیکسی ہال میں اور ممبئی میں 10جون منعقد کی جائے گی یہ اطلاع مسلم راشٹریہ منچ کے قومی کنوینر ڈاکٹر شاہد اختر نے دی ہےڈاکٹر اختر نے بتایا کہ ممبئی میں مذکورہ پروگرام 10 جون اور دہلی میں 12 جون کو منعقد کیا جائے گا۔ جس کا بنیادی مقصد باہمی بھائی چارے اور اتحادکو فروغ، غلط فہمیوں کا ازالہ اور اسلام کے بتائے ہوئے امن کے نظریات کا اظہار ہے۔انہوں نے کہاکہ جس طرح مسلمان رمضان کے ایک ماہ روزہ رکھتا ہے اور لوگوں کے دکھ درد کو سمجھتا ہے اور اخوت بھائی چارہ کے پیغام کو عام کرتا ہے اسی طرح امن وسکون کا پیغام رمضان کے بعد بھی پوری دنیا میں جاری رہتاہے اور ہمارے ملک کے رہنے والے دوسرے فرقے کے لوگ بھی اس کو سمجھیں، اس کے لئے اس پروگرام کا انعقاد ہوتا ہے۔
ڈاکٹر شاہد اختر جو قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈپٹی چیرمین ہیں نے کہاکہ اس کے انعقاد میں ایک طرف جہاں مسلم ممالک کے سفیروں کو مدعو کیا جاتا ہے وہیں پورے ہندوستان سے دوسرے فرقے کے لوگ بھی بخوشی اس پروگرام میں شریک ہوتے ہیں جس سے بھائی چارے کا فروغ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس سال کے پروگرام میں منچ کے قومی رہنما اندریش کمار کے علاوہ مسلم ممالک کے سفیروں کے تشریف لانے کی امید ہے۔ ساتھ ہی ہندوستان کا مسلم دانشور طبقہ، سیاسی پارٹیوں کے نمائندے اور منچ کے کل ہندوستان کے خصوصی کارکن مذکورہ پروگرام میں خاص طور پر شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے تمام مذاہب کے لوگوں کو اس پروگرام میں مدعو کیا جاتا ہے۔ ڈاکٹر شاہد اختر نے مزید بتایا کہ منچ کی جانب سے گذشتہ کئی برسوں سے یہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔